0
Sunday 1 Jul 2018 14:53

نیشنل پارٹی کا سندھ میں مسلم لیگ (ن) سے انتخابی اتحاد کا اعلان

نیشنل پارٹی کا سندھ میں مسلم لیگ (ن) سے انتخابی اتحاد کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے سندھ کی سطح پر مسلم لیگ (ن) سے انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی (ن) لیگ کے تمام امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔ عمران خان کا آئندہ وزیراعظم بننا ناممکن ہے۔ جس طرح صادق سنجرانی کو آگے لا کر چیئرمین سینیٹ بنوایا گیا، لگتا نہیں آئندہ آصف علی زرداری کی بھی کوئی حیثیت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ پی ایس 130 پر مسلم لیگ (ن)، نیشنل پارٹی کے امیدوار غلام نبی بروہی کو مکمل سپورٹ کرے گی۔ بدقسمتی سے 2018ء کے انتخابات ہمیں صاف و شفاف ہوتے نظر نہیں آرہے۔ الیکشن سے پہلے ہی الیکشن کمیشن سمیت دیگر اہم اداروں نے دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے۔

عمران خان کو کامیاب کرانے کے لئے سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتیں سندھ میں ایک دوسرے کے ساتھ انتخابات میں ہر سطح پر مل کر چلیں گی۔ انتخابات میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر بالکل بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان کے حوالے سے ہمارے تحفظات تھے، انہیں دور نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن اور بعض اداروں نے مخصوص ذہن کے لوگوں کو آگے لیکر آئے ہیں۔ بلوچستان میں لوگوں کو دھمکیاں دی گئیں، تاکہ وہ مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں کا ساتھ نہ دیں۔ جس طرح صادق سنجرانی کو آگے لایا گیا اور چیئرمین سینیٹ بنوایا گیا، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مجھے نہیں لگتا عمران خان آئندہ کے وزیراعظم ہوں گے اور آصف علی زرداری کی بھی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 734909
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش