0
Monday 2 Jul 2018 10:10

چوہدری نثار کی باتیں بہت تکلیف دیتی ہیں لیکن کسی بات کا جواب نہیں دیا، نواز شریف

چوہدری نثار کی باتیں بہت تکلیف دیتی ہیں لیکن کسی بات کا جواب نہیں دیا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ صاف شفاف الیکشن کی امید ختم ہوتی جا رہی ہے۔ لندن میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات انتہائی افسوناک ہیں، ہمارے امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے اور ان پر پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے امیدواروں کو جیپ کے نشان پر آزاد الیکشن لڑنے کے لئے بھی مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو متنازعہ نہ بنایا جائے اور ملک میں ایسی کیفیت پیدا نہ کی جائے جس سے انتشار پیدا ہو۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ صاف و شفاف الیکشن کی امید ختم ہوتی جا رہی ہے لیکن عوام باشعور ہو گئے ہیں اور دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہوں لیکن قوم کو مایوس نہیں کروں گا اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ان کا ساتھ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلیہ کا مرض معمولی ہوتا تو پاکستان جا چکا ہوتا، اہلیہ کی طبعیت بہتر ہوتے ہی پاکستان واپس چلا جاؤں گا۔ چوہدری نثار سے متعلق سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی باتوں سے دکھ اور تکلیف ہوتی ہے، چوہدری نثار کی باتیں بہت تکلیف دیتی ہیں لیکن آج تک ان کی کسی بات کا جواب نہیں دیا۔ خیال رہے کہ پاناما اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سے نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان اختلافات میں کشیدگی بڑھی جو اب کافی شدت اختیار کر چکی ہے اور چوہدری نثار برملا اس بات کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ ان کا اختلاف پارٹی سے نہیں بلکہ نواز شریف سے ہے۔

دوسری جانب شریف خاندان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ایک ہفتے میں وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ سینئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا اور وطن واپس آکر دونوں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیرغور ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جائے گا، جس کے بعد منگل (3 جولائی) کو نواز شریف کی ڈاکٹروں سے تفصیلی ملاقات ہوگی۔ خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گذشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ اہلیہ کی عیادت کے لئے 14 جون کو لندن پہنچے تھے، جہاں ہیتھرو ایئرپورٹ پر انہیں بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا، جس کے بعد سے نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہی مقیم ہیں اور انہوں نے احتساب عدالت میں جاری نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنٰی لے رکھا ہے۔ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا تھا کہ ان کی پاکستان واپسی کا فیصلہ والدہ کی صحت سے مشروط ہے لیکن وہ جلد وطن واپس جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 735026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش