0
Monday 2 Jul 2018 10:36
حزب اللہ کے پیغام کے جواب میں

سید حسن نصر اللہ کی حمایت ہمارے لئے باعث فخر ہے، انصار اللہ

سید حسن نصر اللہ کی حمایت ہمارے لئے باعث فخر ہے، انصار اللہ
اسلام ٹائمز۔ انصار اللہ یمن کے ترجمان نے سید حسن نصر اللہ کے گذشتہ دنوں یمن سے متعلق کی جانے والی گفتگو کے جواب میں کہا ہے کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ اس جنگ میں جیت کی خوشخبری سناتا ہوں۔ محمد البخیتی نے المیادین نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ کو مخاطب قرار دیتے ہوئے مزید کہا ہے کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ دشمن کو ساحل سے اور یمن سے باہر نکال کر دم لیں گے اور کبھی ذلت آمیز صلح کو قبول نہیں کریں گے۔ انصار اللہ یمن کے ترجمان نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ کی تقریر اور ہماری حوصلہ افزائی اور ہماری حمایت ہمارے لئے عزت کا سبب ہے اور باعث فخر ہے۔ اس کی بدولت ہمارا حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔

محمد البخیتی
 
یمن کے قبائل کی یکجہتی کونسل نے بھی سید حسن نصر اللہ کے بیان کو قابل ستائش قرار دیا اور مسئلہ یمن کے بارے میں بات کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اس شوریٰ نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ سید حسن نصر اللہ کا اپنی تقریر میں یمن جیسے اہم موضوع پر بات کرنا باعث صد افتخار ہے۔ یکجتی کونسل حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل کے یمن سے متعلق بیانیہ کو شجاعت آمیز قرار دیتی ہے اور اس سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
 
یاد رہے دو دن قبل سید حسن نصر اللہ نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ جو کچھ یمن کے مغربی ساحل الحدیدہ میں وقوع پذیر ہوا ہے وہ عسکری نقطہ نظر سے کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ اس علاقے کی مزاحمت ایک بڑی کامیابی ہے جس کو لبنان اور فلسطین وغیرہ کے معرکوں کے ساتھ گنا جانا چاہیئے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ مسئلہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کیلئے عبرت کا باعث ہو۔ ریاض اور ابوظہبی کو علم ہونا چاہیئے کہ وہ شکست ناپذیر قوم کے سامنے کھڑے ہیں۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ میں یمن میں موجود اپنے مجاہد بھائیوں پر سلام بھیجتا ہوں۔ انہوں نے یمن کے مجاہدین کے ساتھ اظہار محبت کرتے ہوئے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اے کاش اگر ممکن ہوتا تو میں بھی آپ لوگوں کے ساتھ ہوتا۔
خبر کا کوڈ : 735080
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش