0
Monday 2 Jul 2018 21:37

حافظ نعیم الرحمن کا قاری عثمان کے ہمراہ پاک کالونی کا دورہ، علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں

حافظ نعیم الرحمن کا قاری عثمان کے ہمراہ پاک کالونی کا دورہ، علاقہ مکینوں سے ملاقاتیں
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے امیدوار این اے 250 حافظ نعیم الرحمن نے جمعیت علمائے اسلام اور مجلس عمل کے رہنما نامزد امیدوار پی ایس 114 قاری عثمان کے ہمراہ اپنے حلقہ انتخاب کے علاقے پاک کالونی اور اس سے متصل آبادیوں اور لیبر اسکوائر بلدیہ ٹاؤن کا دورہ کیا۔ مساجد اور علاقے کی مارکیٹوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں مکینوں اور ووٹرز سے ملاقاتیں کیں اور متعدد کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق رکن سندھ اسمبلی حمید اللہ ایڈوکیٹ، ناظم علاقہ شوکت علی مجاہد اور دیگر بھی موجود تھے۔ کارنر میٹنگ میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاک کالونی کے عوام نے کئی بار ایم کیو ایم کے نمائندوں کو ووٹ دیئے اور آج وہ خود سب سے زیادہ بہتر جانتے ہیں کہ ایم کیو ایم نے ان کے مسائل حل نہیں کئے اور عوام کے ساتھ بے وفائی کی، پاک کالونی میں بجلی اور پانی کا شدید بحران ہے، کئی کئی ہفتوں پانی نہیں آتا اور روزانہ آٹھ سے دس گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔

قاری عثمان نے کہا کہ ہمارا ملک سیکولر یا لبرل ہرگز نہیں ہے اور نہ ہم اسے سیکولر اور لبرل بنانے دیں گے، جب دینی جماعتوں کے نمائندے پارلیمنٹ میں ہوں گے تو اللہ تعالی اور اس کے رسول ؐ کی شریعت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہو سکے گی، مجلس عمل ہوگی تو مسجد میں بھی اسلام ہوگا اور پارلیمنٹ اور قومی اداروں میں بھی اسلام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی روشنیوں اور اخوت و محبت کا شہر تھا لیکن اسے قتل و غارت گری، بھتہ خوری اور ظلم و فساد کا شہر بنا دیا گیا، عوام ایسا کرنے والوں کو مسترد کردیں، کراچی کی تعمیر و ترقی کو ووٹ دیں اور 25 جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگائیں۔
خبر کا کوڈ : 735265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش