QR CodeQR Code

امریکا تجارتی جنگ چھیڑنے سے باز رہے، انجیلا مرکل

5 Jul 2018 11:09

ارکان پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی طرف سے ایلومینیئم اور اسٹیل کی درآمدات پر ڈیوٹی عائد کرنے کے بعد سے یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی تناؤ موجود ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے امریکا کو تجارتی جنگ چھیڑنے سے متنبہ کیا ہے۔ جرمن پارلیمان میں ارکان پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے مرکل نے کہا کہ ٹرمپ کی طرف سے ایلومینیئم اور اسٹیل کی درآمدات پر ڈیوٹی عائد کرنے کے بعد سے یورپی یونین اور امریکا کے درمیان تجارتی تناؤ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اہم ہے کہ ٹیکس کے اس تنازعہ کو بھرپور تجارتی جنگ بننے سے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ڈیجیٹل خدمات جیسی سروسز کو بھی شمار کریں تو تجارتی بیلنس شیٹ یکسر اور مکمل طور پر مختلف نظر آئے گی اور اس میں امریکا تجارت کے مقابلے میں یورپی یونین کے مقابلے میں سرپلس میں ہے۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک پرانا نظام ہے کہ صرف مصنوعات کو شمار کیا جاتا ہے نہ کہ سروسز کو۔ مرکل نے اس سے قبل ڈیجیٹل ٹیکس عائد کرنے کی حمایت کی تھی جس کے زریعے ایمازون، فیس بک اور گوگل جیسی کثیرالملکی کمپنیاں متاثر ہوں گی جسے تنقید کا سامنا رہا تھا۔ مرکل کی طرف سے یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اُس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے جس میں
انہوں نے یورپی یونین سے درآمد کی جانے والی کاروں پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ ٹرمپ نے اتوار کے روز کہا تھا کہ وہ یورپی کاروں پر 20فیصد ٹیکس عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے جواب میں یورپی یونین نے بھی امریکی مصنوعات کی درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 735808

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/735808/امریکا-تجارتی-جنگ-چھیڑنے-سے-باز-رہے-انجیلا-مرکل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org