0
Thursday 5 Jul 2018 21:13

انتخابات کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری

انتخابات کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ پاک فوج نے انتخابات 2018ء کے دوران ملک بھر میں 3 لاکھ  50 ہزار جوانوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سمیت الیکشن کمیشن بھی انتخابات کی تیاریوں میں مصروفِ عمل ہے۔ الیکشن کمیشن نے مختلف اضلاع میں انتخابات کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے پلان ترتیب دے دیا ہے جب کہ ملک بھر میں پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ پاک فوج نے 25 جولائی کو عام انتخابات میں  ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی کے لئے 3 لاکھ 50 ہزار جوانوں کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی عام انتخابات کے روز سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد کے 786 پولنگ اسٹیشنز پر 7 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے، جن میں 5 ہزار پولیس اہلکار اور 2 ہزار رینجرز، ایف سی، لیڈی پولیس اور کوئیک ریسپانس فورس تعینات ہوگی، اس کے علاوہ پاک فوج کے جوان بھی پولنگ اسٹیشنز پر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ اینٹی رائٹ پولیس کی ٹیمیں بھی ریزرو رکھی جائیں گی جو کسی ہنگامی صورت حال میں ایکشن میں آئیں گی۔ اسپیشل برانچ کے مطابق اسلام آباد کے 786 پولنگ اسٹیشنز میں سے 53 کو حساس قرار دیا جا چکا ہے اور ان پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی میں جانی نقصان کے بھی خدشات ہیں، اس لئے تمام حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کی اضافی نفری جب کہ پاک فوج کے 3000 جوان اسلام آباد میں تعینات ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 735951
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش