0
Friday 6 Jul 2018 23:45

(ن) لیگ کو ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کا سیاسی فائدہ ہوگا، آصف زرداری

(ن) لیگ کو ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کا سیاسی فائدہ ہوگا، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کا سیاسی فائدہ ہوگا اور لوگ سمجھیں گے کہ انہیں برے وقت میں چھوڑنا نہیں چاہیئے، میں یہ تو نہیں کہتا کہ ہم عام انتخابات میں پنجاب سے سویپ کریں گے، لیکن تمام صوبوں میں ہماری پوزیشن بہتر ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف فیصلہ آ تو گیا ہے، لیکن ابھی ان کے پاس ریلیف کیلئے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سابق صدر مملکت نے کہا کہ میں نے کل کہا تھا کہ نواز شریف سیاسی پناہ لیں گے، لیکن یہ بات بھی ہے کہ ووٹ بینک آج بھی شہباز شریف کا نہیں بلکہ نواز شریف کا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ محمد نواز شریف کو پنجاب ہم نے دیا، لیکن انہوں نے جمہوریت کو اہمیت نہیں دی، ہم نے یہ بھی کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں، لیکن وہ پارلیمنٹ سے فیصلے کیلئے بھی تیار نہ ہوئے۔ عمران خان کے ساتھ حکومت بنانے کے سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے ساتھ کیوں جائیں گے، اس نے تو دعوت دی نہیں اور ویسے بھی عمران خان کے ساتھ کون بیٹھے گا، کوئی جماعت بھی عمران خان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، اور کیا عمران خان اتنی واضح اکثریت لے لیں گے کہ اکیلے حکومت بنا لیں۔ عام انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ اس سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا، البتہ یہ بات ضرور ہے کہ سوائے تحریک انصاف کے تمام جماعتوں کے امیدواروں کو دباؤ کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 736103
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب