0
Saturday 7 Jul 2018 03:42

ایون فیلڈ فیصلہ، تجزیہ نگاروں کا ردعمل بھی سامنے آگیا

ایون فیلڈ فیصلہ، تجزیہ نگاروں کا ردعمل بھی سامنے آگیا
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں پر سینئر تجزیہ نگاروں نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ زیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ یہ متوقع فیصلہ تھا اور لگ رہا تھا کہ قید اور جرمانے کی سزائیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا فیصلہ نواز شریف اور مریم نواز نے کرنا ہے اور وہ یہ کہ انہوں نے آکر کب گرفتاری دینی ہے، اگر انہیں اپنی سیاست بچانی ہے تو ملک آنا ہوگا۔ سینیئر صحافی سہیل وڑائچ نے کہا کہ اس فیصلے سے (ن) لیگ کی سیاست پر برا اور گہرا اثر پڑے گا اور الیکشن میں ان کے حوصلے پست ہوں گے جس کا فائدہ عمران خان کو ہوگا اور ووٹ انہیں پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف فوری وطن واپسی آکر گرفتاری دیتے ہیں اور مزاحمت کی تحریک شروع کرتے ہیں تو اس سے ان کا ووٹ بینک ٹوٹنے سے بچ جائے گا۔

سینئیر تجزیہ کار طلعت حسین کے مطابق یہ فیصلہ متوقع تھا، پاکستان میں ان کی سزا پر 2 رائے ہیں لیکن ووٹر اب بھی کشمکش میں ہے تاہم فیصلہ پورا پڑھنے کے بعد نئی قانونی چیزیں سامنے آئیں گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں سینیئر تجزیہ نگار مظہر عباس کا کہنا تھا کہ 28 جولائی 2017ء سے 6 جولائی 2018ء تک کے سفر میں نواز شریف نے اپنے بیانیے کو پر زور انداز میں چلایا لیکن اب آج سے 25 جولائی تک کا سفر پچھلے ایک سال کے سفر سے زیادہ مشکل و کٹھن سفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر مسلم لیگ (ن) کے رویئے کو بھی سامنے رکھنا ہوگا، شہباز شریف کے پاس بھی اب کم آپشن رہ گئے ہیں۔ سینئرصحافی ارشاد بھٹی کے مطابق ہمارے ملک میں پہلی بار ایک طاقتور کو سزا ملی ہے اور اب اسمبلیوں میں جانے والے بھی سوچیں گے اور احتیاط کریں گے کہ احتساب کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پہلے دن ہی کیس ہار گئے تھے، کیس کو قانونی طور پر نہیں لڑا، ان کے پاس اپنی بے گناہی ثابت کرنے سے متلق کوئی ثبوت نہیں تھے۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی کیا ہے اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پر جرمانہ نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 736116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش