QR CodeQR Code

پاراچنار،جنت نظیر وادی کرم ایک بار پھر آگ و خون میں غلطاں، طالبان کے ہاتھوں 5 افراد شہید

22 May 2011 14:17

اسلام ٹائمز:اورکزئی ایجنسی اور وزیرستان سے آنے والے طالبان لشکروں نے لوئر کرم میں طوری قبائل کے گاؤں بالش خیل پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ رات بھر گھمسان کی جنگ جاری رہی اور طوری قبیلے نے بہادری سے اپنا دفاع کیا، رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں طوری قبیلے کے 5 افراد جاں بحق جب کہ پسپا ہونے والے طالبان لشکر کی ہلاکتوں کی تعداد درجنوں میں بتائی جا رہی ہے


پاراچنار:اسلام ٹائمز۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی سے آنے والے طالبان لشکروں نے لوئر کرم میں طوری قبائل کے گاؤں بالشں خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر کے علاقے کو ایک بار پھر آگ و خون میں غلطان کر دیا۔ تاہم طوری قبیلے نے بہادری سے دفاع کیا۔ تازہ ترین اطلاعات اور ہسپتال ذرائع کے مطابق رات بھر جاری رہنے والی لڑائی میں طوری قبیلے کے پانچ افراد شہید جبکہ پسپا ہونے والے طالبان لشکر کی ہلاکتوں کی تعداد درجنوں میں بتائی جا رہی ہے۔ طالبان ہلاکتوں کی صحیح تعداد اسلئے معلوم نہ ہوسکی کہ پسپا ہو کر بھاگ جانے والے طالبان اپنے ساتھ مرنے والے ساتھیوں کی اکثر لاشیں بھی لے گئے، تاہم اتوار کی صبح حکام کو مختلف پہاڑی کھائیوں سے طالبان کی چار لاشیں ملی ہیں اور حکام کے مطابق یہ اورکزئی کے طالبان ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کور کمانڈر پشاور کے دورہ کرم کے دن طالبان دہشت گردوں اور ان کے مقامی حمایتی شرپسند عناصر کی طرف سے پاراچنار اپرکرم کے گاؤں پیواڑ و شلوزان، خیواص کے بعد اب لوئر کرم کے طوری گاؤں بالشں خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملے جاری ہیں، جب کہ مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ مقامی انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز ایکشن کرنے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ لوگوں کے ذھنوں میں یہ شکوک وشبہات پائے جاتے ہیں کہ طالبان یہ تمام تر حملے کہیں آئی ایس آئی کے اشارے پر ہی نہ کر رہے ہوں۔
دریں اثنا اتوار کے دن کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار میں طوری بنگشں قبائل کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جسں سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگشں قبائل کے عمائدین نے حکومت سے فوری اقدامات کر کے وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی سے آنے والے طالبان لشکروں کو لگام دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی حکومت ہے کہ کور کمانڈر پشاور کے دورہ کرم کے عین اس وقت جب کور کمانڈر تقریر کر رہے تھے، طالبان دہشت گردوں اور ان کے مقامی حمایتی شرپسند عناصر کی طرف سے پاراچنار اپرکرم کے گاؤں پیواڑ و شلوزان خیواص پر میزائل اور مارٹر گولوں کی بارش شروع تھی، لیکن حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی۔
گرینڈ جرگہ نے الزام عائد کیا کہ حکومت و انتظامیہ طالبان دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ گذشتہ چار سالوں سے طالبان مخالف طوری بنگش قبائل کے لئے بند ہے لیکن یہی شاہراہ وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی سے آنے والے طالبان لشکروں بشمول سیکورٹی فورسز کے لئے کھلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کور کمانڈر پشاور کی طرف سے علاقے میں آپریشن کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کرم ایجنسی میں سوات طرز کا حقیقی آپریشن جلد از جلد کیا جائے، تاہم آپریشن میں ظالم اور مظلوم حملہ آور اور دفاع کرنے والوں میں واضح فرق کیا جائے تو تب ہی جنت نظیر وادی کرم ایک بار پھر امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 73615

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/73615/پاراچنار-جنت-نظیر-وادی-کرم-ایک-بار-پھر-آگ-خون-میں-غلطاں-طالبان-کے-ہاتھوں-5-افراد-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org