QR CodeQR Code

چیف جسٹس نہ تم رہوگے نہ یہ ملک رہے گا، ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی کی دھمکی

7 Jul 2018 21:29

نیب عدالت کے فیصلے کے خلاف تقریر کرتے ہوئے جی بی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے کہا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ اس ملک کے اندر ہے جو دوسروں پر کرپشن کے الزام لگاتا ہے اور خود کھربوں کی کرپشن کرتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون گلگت بلتستان کے رہنماء اور قانون ساز اسمبلی جی بی کے ڈپٹی اسپیکر جعفراللہ نے نیب عدالت کے نواز شریف کے خلاف فیصلے پر گلگت میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دس لاکھ لوگوں نے جان کی قربانیاں دے کر پاکستان بنایا تھا۔ اب وقت آیا ہے کہ  دس لاکھ لوگوں کی جان دیکر اپنے قائد کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت کچھ ہو چکا اس ملک کے ساتھ، جس قائداعظم نے پاکستان کو بنایا تھا اس کو مار دیا، لیاقت علی خان کو قتل کردیا، محمد علی بوگرہ کو مار دیا، بہت سارے لوگوں کو ملک سے باہر نکالا اور بھٹو کو پھانسی پہ چڑھایا۔ اب نواز شریف کے ساتھ کیا نہیں کیا جا رہا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ اس ملک کے اندر ہے جو دوسروں پر کرپشن کے الزام لگاتا ہے اور خود کھربوں کی کرپشن کرتا ہے۔ پاکستان کی جمہوریت اور ترقی کو نقصان پہنچایا تو وہ اعلٰی عدلیہ ہے۔ انہوں نے عدالت عظمٰی پر شدید تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اعلٰی عدلیہ لعنت ہو تم پر۔ چیف جسٹس بن کر انصاف دینے کی بجائے تمہارا دوہرا معیار ہم نہیں مانتے۔ تمہارا انصاف پی ٹی آئی اور عمران خان کے لئے الگ ہے، تمہارا انصاف زرداری اور نواز شریف کے لئے الگ ہے، ہم ظلم کے ضابطے نہیں مانتے۔ تم نے ہمیں مزید پریس کرنے کی کوشش کی کو خدا کی قسم نہ تم رہو گے نہ یہ ملک رہے گا۔ ہم اس ملک میں نہیں رہنا چاہتے، خدا کی قسم نہیں رہنا چاہتے جس ملک میں انصاف نہ ہو، میں حکومت میں ہوں مجھے پتہ ہے کیا کچھ ہو رہا ہے۔
 

 


خبر کا کوڈ: 736349

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/736349/چیف-جسٹس-نہ-تم-رہوگے-یہ-ملک-رہے-گا-ڈپٹی-اسپیکر-جی-بی-اسمبلی-کی-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org