0
Monday 9 Jul 2018 18:35

مسلح افواج کے افسران کا دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان

مسلح افواج کے افسران کا دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ تینوں مسلح افواج کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کا حکم دے رکھا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس نے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے، جس میں انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے دس لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے مسلح افواج کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے۔ آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران دو دن کی تنخواہ دیں گے جب کہ سپاہی ایک دن کی تنخواہ دیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسلح افواج نے بحیثیت ادارہ یہ قدم اٹھایا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ کے ساتھ ڈیمز پاکستان کیلئے کا بھی نعرہ لگایا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے ان دونوں ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈ اکھٹے کرنے کے لیے کھولے گئے اکاؤنٹ کا نمبر 03-593-299999-001-4 ہے، جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔

خیال رہے کہ سب سے پہلے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے فنڈز کی مد میں اس اکاؤنٹ میں جمع کرائے تھے۔ اس ضمن میں سپریم کورٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم فنڈ میں رقم اسٹیٹ بینک کی تمام شاخوں، وزارت خزانہ کے تمام دفاتر اور نیشنل بینک سمیت دیگر تمام شیڈول بینکوں میں کرائی جاسکتی ہے۔
اس کے علاوہ ان اداروں کی بیرون ملک شاخوں میں بھی مقامی اور بین الاقوامی عطیات دہندگان کی جانب سے عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

 
خبر کا کوڈ : 736773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش