QR CodeQR Code

25 جولائی کو سندھ کے لوگوں کو آصف زرداری کو شکست دینے کا موقع مل رہا ہے، عمران خان

9 Jul 2018 20:56

شہداد کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جو سندھ میں لوٹ مار ہو رہی ہے، وہ کسی صوبے میں نہیں ہو رہی، جتنا پیسہ سندھ سے چوری ہوا، ایسا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو سندھ کے لوگوں کو آصف زرداری کو شکست دینے کا موقع مل رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ کے علاقے شہداد کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج بلوچستان سے زیادہ خراب حالات اندرون سندھ کے ہیں، کئی برس سے اندرون سندھ کا حال دیکھتا آیا ہوں، افسوس ہوا یہاں کوئی بڑا اسپتال نہیں، سندھ میں ہزاروں لوگ ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں، یہاں پانی نہیں، بجلی کبھی کبھی آتی ہے۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل ہونے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے باعث ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ جو سندھ میں لوٹ مار ہو رہی ہے، وہ کسی صوبے میں نہیں ہو رہی، جتنا پیسہ سندھ سے چوری ہوا، ایسا پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فریال تالپور لوگوں کو ووٹ دینے کے حوالے سے دھمکیاں دے رہی ہیں، یہ عوام کے خوف پر حکومت کرتے ہیں، یہ سندھ کے لوگوں کو انسان نہیں سمجھتے، لیکن 25 جولائی کو سندھ کے لوگوں کو آصف زرداری کو شکست دینے کا موقع مل رہا ہے اور یہ موقع بار بار نہیں ملتا، آپ کو ان ظالموں کے خلاف کھڑا ہونا چاہیئے، اپنی تقدیر بدلنے کیلئے ان کے خلاف ووٹ ڈالیں۔


خبر کا کوڈ: 736814

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/736814/25-جولائی-کو-سندھ-کے-لوگوں-آصف-زرداری-شکست-دینے-کا-موقع-مل-رہا-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org