QR CodeQR Code

مسلم لیگ نون میں بھی ہوتا تو نواز شریف کا استقبال نہ کرتا، چوہدری نثار

11 Jul 2018 03:05

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفت گو میں سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صرف سیاستدانوں کا ہی احتساب نہیں ہونا چاہئے، پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے، اگر فوج میں کوئی معاملہ ہے تو وہ بھی سامنے آنا چاہئیے، تاہم انتخابات کے قریب کسی سیاسی رہنما کے خلاف ایسی کارروائی نہیں ہونی چاہئیے اور اگر کسی پر الزامات ہیں تو تحقیقات مؤخر کردی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور نہیں جاؤں گا، اگر (ن) لیگ میں ہوتا تب بھی نہ جاتا۔ ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے 3 یا 4 امیدواروں نے (ن) لیگ کے ٹکٹ واپس کرکےجیپ کا نشان لیا تو میرے انتخابی نشان پر واویلا مچا کر ایک ماحول بنایا دیا گیا اور کہا گیا کہ میں نے کوئی گروپ بنالیا ہے، اگر اپنا گروپ بنانا ہوتا تو کب کا بنا چکا ہوتا، میرے پاس بہت سے راستے تھے، جیپ نام کا کوئی گروپ کام نہیں کر رہا، نہ میں کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ صرف سیاستدانوں کا ہی احتساب نہیں ہونا چاہئے، پورے ملک میں کرپشن ہو رہی ہے، اگر فوج میں کوئی معاملہ ہے تو وہ بھی سامنے آنا چاہئیے، تاہم انتخابات کے قریب کسی سیاسی رہنما کے خلاف ایسی کارروائی نہیں ہونی چاہئیے اور اگر کسی پر الزامات ہیں تو تحقیقات مؤخر کردی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سے کوئی رابطہ نہیں، نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور نہیں جاؤں گا، اگر (ن) لیگ میں ہوتا تب بھی نہ جاتا، میں مکمل طور پر اپنے چار حلقوں میں کام کر رہا ہوں اور میرے پاس کسی کی تنقید کا جواب دینے کا وقت نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ریگستان بنانے پر تلا ہوا ہے ہم  اپنے جھگڑوں میں پڑے ہیں، پاکستان میں صرف حکومت بنانے کی بات ہورہی ہے کسی کو نہیں پتا کہ ملک کو کیا خطرات ہیں، ملک کو بہت سے اسٹریٹجک، معاشی اور سیاسی خطرات کا سامنا ہے، حکومتیں آتی اور جاتی ہیں، جس کی بھی حکومت آئے گی مجھے اس سے ہمدردی ہوگی، حکومت بنانے والے حکومت ضرور بنائیں مگر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھیں، اور ایشوز پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔

 


خبر کا کوڈ: 737058

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/737058/مسلم-لیگ-نون-میں-بھی-ہوتا-نواز-شریف-کا-استقبال-نہ-کرتا-چوہدری-نثار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org