0
Wednesday 11 Jul 2018 04:53

پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو مقدمات کے ذریعے دباکر خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، نثار کھوڑو

پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو مقدمات کے ذریعے دباکر خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، نثار کھوڑو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو مقدمات کے ذریعے دباکر خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا، ایسا عمل کرکے پارٹی پر دباؤ ڈالنے کے پرانے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں لیکن پارٹی قیادت سے لے کر کارکنان تک کوئی بھی دباؤ میں نہیں آئے گا اور جمہوریت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔ لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کی قیادت پہلے بھی مقدمات سے نمٹ کر عدالتوں سے سرخرو ہوئی ہے اور اب بھی سرخرو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سندھ اور پنجاب میں سرائیکی بیلٹ میں کامیاب انتخابی مہم کے بعد مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں، جو کہتے تھے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوچکی انہیں بلاول بھٹو زرداری کا بھرپور استقبال جواب دے چکا ہے کہ عوام کس کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مخالفین کو پیپلز پارٹی کی عوامی قوت سے خطرہ نہیں تو پیپلز پارٹی کی قیادت کو آزاد طریقے سے مہم چلانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔

نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی لوٹوں اور کرپٹ عناصر کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے جبکہ جی ڈی اے سندھ دشمن سیاسی نوسربازوں کا ٹولہ ہے، جن کا ایجنڈا صرف مگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کو بے وقوف بنانے اور عوام کو حق حاکمیت سے دور رکھنا ہے، لیکن ان کے اصل چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں اور 25 جولائی پر عوام پی پی پی پی مخالف نوسربازوں کا باب بند کردے گی اور فتح پیپلز پارٹی کی ہی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے بے وفائی کرنے والے ماضی میں شہید بینظیر بھٹو سے پارٹی ورکرز کو ملنے بھی نہیں دیتے تھے، آج وہی پیپلز پارٹی کے خلاف بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ایک دوسرے کا منہ دیکھنے کو تیار نہیں ہوتے تھے آج بھٹو دشمنی میں جی ڈی اے کے پلیٹ فارم پر ظاہری طور پر ساتھ ہیں، لیکن انتخابات میں شکست کے بعد وہ ایک دوسرے کو بھی نظر نہیں آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 737059
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش