0
Wednesday 11 Jul 2018 09:44

ہارون بلور کی شہادت پر نگران وزیراعظم سمیت دیگرر سیاسی ہنماؤں کا اظہار افسوس

ہارون بلور کی شہادت پر نگران وزیراعظم سمیت دیگرر سیاسی ہنماؤں کا اظہار افسوس
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی دھماکے میں شہادت پر نگراں وزیراعظم ناصر الملک، عمران خان، بلاول بھٹو، نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہارون بلور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعظم ناصرالملک نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہارون بلور اور دیگر شہداء کی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کسی طور انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ سیاسی اختلافات کتنے ہی شدید کیوں نہ ہوں گردنیں مارنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ صوبائی حکومت زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین انتظام کرے۔ انہوں نے متاثرین کے لواحقین سے دلی ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شہادت پر سب وطن پرست غمگین ہیں۔ شہید ہارون بلور کے غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ جمہوریت پسندوں پر دہشت گرد حملے بہت بڑی سازش ہے۔

سابق نااہل وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ہارون بلور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف نے مرحوم کے سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ملک میں جمہوریت کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، دہشت گرد کل بھی ناکام ہوئے تھے اور آج بھی ناکام ہوں گے، ہم سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے دھماکے میں ہارون بلور کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) سوگواران کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالٰی سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ نگراں وزیراعلٰی بلوچستان علاؤالدین نے ہارون بلور اور دیگر شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں جمہوری عمل کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، تاہم وہ ناکام ہوں گی، خودکش حملہ جمہوری عمل اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا ہارون بلور کی شہادت کا سن کر انتہائی صدمہ ہوا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر دہشت گردی کسی صورت قبول نہیں، اللہ شہیدوں کی مغفرت فرمائے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی پشاور بم دھماکے میں ہارون بلور اور دیگر افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 737076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش