QR CodeQR Code

بلاتفریق سب کا احتساب ہوگا، بیوروکریسی شاہ سے زیادہ شاہ کی وفادار نہ بنے، جسٹس جاوید اقبال

11 Jul 2018 14:54

کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ کرپشن دیمک نہیں کینسر ہے اور زوال کی بنیادی وجہ کرپشن ہے جبکہ نیب کی وجہ سے ملک کا کام رک گیا ایسا الزام سمجھ سے باہر ہے، نیب محتاط طریقے سے اپنا کام کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ بیوروکریسی کو یقین دلاتا ہوں کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جائے گا جس سے آپ کی تذلیل ہو تاہم بیوروکریسی اس بات کا خیال رکھے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں۔ کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل کو احسن طریقے سے مکمل کریں گے، شاہانہ انداز ملک اور عوام کی بربادی کا سبب بنیں گے تاہم اب احتساب بلاتفریق ہوگا اور سب کا ہوگا، اب احتساب پٹواری سے نہیں اوپر سے شروع ہوگا جبکہ کرپشن ختم کرنے کے عمل کو احسن طریقے سے انجام تک پہنچائیں گے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کوئی انتقامی کارروائی نہیں کر رہا، بار بار کہا جاتا ہے کہ نیب کے اقدامات کی وجہ سے بیوروکریسی پریشان ہے، بیوروکریسی ریڑھ کی ہڈی ہے، نیب ہر وقت بیوروکریسی سے تعاون کرے گا، ہماری کوشش ہے کہ بیورو کریسی دبنگ طریقے سے آئین اور قانون کے مطابق فرائض انجام دے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کو یقین دلاتا ہوں کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جائے گا جس سے آپ کی تذلیل ہو، بیوروکریسی کو کسی ڈر خوف کی ضرورت نہیں تاہم بیوروکریسی اس بات کا خیال رکھے کہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ کرپشن دیمک نہیں کینسر ہے اور زوال کی بنیادی وجہ کرپشن ہے جبکہ نیب کی وجہ سے ملک کا کام رک گیا ایسا الزام سمجھ سے باہر ہے، نیب محتاط طریقے سے اپنا کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی زمین کو قدرت نے کتنی نعمتوں سے نوازا ہے لیکن سیندک اور ریکوڈک منصوبوں کا کیا حال ہوا سب کے سامنے ہے، تاہم اہم ترین منصوبوں کی ناکامی میں ملوث افراد سے پوچھا جائے گا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ ذاتی یا سیاسی انتقام کے پراپیگنڈے کو مسترد کرتا ہوں، اربوں کی کرپشن میں ملوث لوگوں پر پھول نچھاور کئے جاتے ہیں، جن کے پاس 6 مرلے کا مکان نہیں ہوتا تھا آج ان کے دبئی میں ٹاور ہیں، کیا ان سے پوچھا نہ جائے کہ اتنا پیسہ کہاں سے آیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب پر سیاسی بنیادوں پر کاروائیاں کرنے کا الزام ہے جس کو مسترد کرتا ہوں، نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، جمہوریت کا ہر قدم عوام کی فلاح کے لئے ہوتا ہے، عوام جس کو چاہے اقتدار میں لے آئیں، نیب کا کوئی لینا دینا نہیں تاہم ہمارے ملک میں کرپشن اور کرپٹ لوگوں کی کوئی جگہ نہیں۔


خبر کا کوڈ: 737146

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/737146/بلاتفریق-سب-کا-احتساب-ہوگا-بیوروکریسی-شاہ-سے-زیادہ-کی-وفادار-نہ-بنے-جسٹس-جاوید-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org