0
Wednesday 11 Jul 2018 15:14

بلوچستان میں کرپشن کے بند کیسز کو دوبارہ کھولا جائے، جسٹس (ر) جاوید اقبال

بلوچستان میں کرپشن کے بند کیسز کو دوبارہ کھولا جائے، جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے خاتمے کا فریضہ قومی ذمہ داری اور اعزاز سمجھ کر کر رہا ہے، کرپٹ عناصر کو اپنے کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ بلوچستان میں کیسز کے ذاتی مطالعے سے متعدد بند کیسز میں قانونی شواہد موجود پائے گئے ہیں، اس لئے انہیں میرٹ اور قانون کے مطابق دوبارہ کھولا جائے گا، منصف کی کرسی کے تقدس کو سمجھتا ہوں، اس لئے نہ میرٹ پر سمجھوتا کیا ہے اور نہ کرونگا، نیب افسران کو میری طرف سے مکمل تحفظ حاصل ہے، اس لئے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے، سیاستدانوں سمیت ہر شخص کی عزت نفس کا احساس ہے، کاروائی قانون اور آئین کے مطابق ہی کی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے دورہ بلوچستان کے موقع پر بریفنگ اور افسران سے خطاب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ نیب افسران مقدمات کو قانون کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔ کرپٹ عناصر کے خلاف کیسز میں غیر ضروری التواء برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بدعنوانی کا مرتکب ہر شخص ملک و قوم کا مجرم ہے۔ اسی لئے ہر کرپٹ شخص کو اسکے برے فعل و عمل کا جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔ نیب کا کام کرپشن کے خلاف تحقیقات کو میرٹ، شواہد، شفافیت اور قانون کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنا فرض منصبی سر انجام دینا ہے۔ اس پکڑ میں کوئی عام شخص آئے یا خاص کاروائی قانون کے مطابق ہی ہوگی۔ انہوں نے نیب بلوچستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب بلوچستان کی کارکردگی اچھی ہے، لیکن اس کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ چیئرمین نیب نے لیگل ونگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت میں دائر کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 737148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش