0
Thursday 12 Jul 2018 03:11

عمران خان ہمارے مہمان ہیں، چائے پلا کر رخصت کردیں گے، ڈاکٹر اسامہ رضی

عمران خان ہمارے مہمان ہیں، چائے پلا کر رخصت کردیں گے، ڈاکٹر اسامہ رضی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و حلقہ این اے 243 کے نامزد امیدوار ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے مہمان ہیں، ہم انہیں چائے پلا کر رخصت کردیں گے، NA-243 کے عوام انہیں بن بلائے مہمان کہتے ہیں اس لئے انہیں ووٹ نہیں ملے گا، عمران خان نے کبھی کراچی کو اہمیت نہیں دی، کراچی آگ و خون کے دور سے گزرتا رہا، سانحہ بلدیہ میں سینکڑوں لوگ مرگئے، 12 مئی کے سانحات دو دفعہ آئے جس میں 50 سے زائد لوگ مرگئے، شہر میں ہیٹ اسٹروک کی لہر آئی جس کے سبب 5 ہزار شہریوں کی اموات ہوئیں، کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے مظالم اور بجلی کے عذاب سہتے رہے، عوام پانی اور علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں لیکن عمران خان نے کبھی پلٹ کر نہیں پوچھا، کراچی میں 2013ء کے انتخابات میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی کی گئی لیکن عمران خان نے کبھی اپنے دھرنوں میں کراچی میں ہونے والی دھاندلی کو موضوع نہیں بنایا، اب کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کارنر میٹنگ سے پی ایس 101 کے امیدوار بابر قمر عالم، پی ایس 102 کے امیدوار سید قطب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی میں بیداری کی لہر پیدا ہوچکی ہے، لوٹوں سے کبھی تبدیلی نہیں آسکتی، کراچی کی حقیقی وارث ایم ایم اے ہے جس نے ماضی میں شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کی، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور نادرا کے مظالم کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی، دھرنے کئے، مظاہرے کئے جس کے نتیجے میں عوام کے مسائل حل ہوئے، ایم ایم اے کے علاوہ کسی سیاسی پارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لئے کسی قسم کی کوئی جدوجہد نہیں کی، چیف جسٹس وجیہہ الدین نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کو ابراج گروپ دبئی میں فنڈز دیتا ہے کہ اس لئے تحریک انصاف کے الیکٹرک کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی، عوام ایسی قیادت کو کبھی ووٹ نہیں دیں گے جو عوام کا سودا کرے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کے الیکٹرک کے خلاف مصنوعی دھرنا دینے گئے تو انہوں نے ان کی حمایت میں تقریر کر ڈالی ایسی جماعتوں کو عوام جان چکے ہیں، عوام اب کسی کے فریب میں نہیں آئیں گے، 25 جولائی کے دن عوام کرپٹ اور نااہل پارٹیوں کو مسترد کردیں اور ایم ایم اے کے انتخابی نشان کتاب پر مہر لگا کر مجلس عمل کو کامیاب بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 737259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش