QR CodeQR Code

دیرپا عالمی امن کے قیام کیلئے امریکہ کو ایران سے بات چیت کرنا چاہیئے، عبداللہ حسین ہارون

13 Jul 2018 04:16

تقریب سے خطاب میں نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین بات چیت جاری رہنا چاہیئے، جو دونوں ممالک کی اقوام کے فائدے میں ہے، خطے میں دیرپا امن کیلئے پاکستان کسی بھی ملک سے بات کرنے کیلئے تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خارجہ و دفاعی امور کے نگراں وفاقی وزیر عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ پاک بھارت بات چیت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیئے، جو دونوں ممالک کی قوموں کے مفاد میں ہے۔ انگلش اسپیکینگ یونین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین بات چیت جاری رہنا چاہیئے، جو دونوں ممالک کی اقوام کے فائدے میں ہے، خطے میں دیرپا امن کے لئے پاکستان کسی بھی ملک سے بات کرنے کے لئے تیار ہے، بھارت کو پاکستان اور روس سے اچھے تعلقات استوار کرنے کے لئے کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان خاصی اہمیت رکھتا ہے، امریکہ ایران کشیدہ تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دیرپا عالمی امن کے قیام کے لئے امریکہ کو ایران سے بات چیت کرنا چاہیئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بہت اونچی اڑان اڑ رہے ہیں، ہمیں چیزوں کو بہت احتیاط سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

سی پیک کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا اور پوری دنیا کے ممالک ایک دوسرے سے جڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے شاندار نتائج دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی ممالک پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور غیر ملکی کمپنیاں جلد پاکستان میں سرمایہ کاری شروع کر دیں گی۔ عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ ایل این جی کے استعمال سے ملک سالانہ دس کروڑ روپے کی بچت کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس وقت کم ہے، تاہم چیزوں کو درست سمت پر ڈالنے کی حکومت پوری کوشش کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 737473

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/737473/دیرپا-عالمی-امن-کے-قیام-کیلئے-امریکہ-کو-ایران-سے-بات-چیت-کرنا-چاہیئے-عبداللہ-حسین-ہارون

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org