0
Saturday 14 Jul 2018 18:33

سانحہ مستونگ، پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں انتخابی جلسے منسوخ کرنیکا اعلان

سانحہ مستونگ، پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں انتخابی جلسے منسوخ کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی امیدواروں پر دہشت گردی کے حملوں کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک بھر میں تمام جلسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع پیپلز پارٹی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کا تمام شیڈول منسوخ کر دیا، جبکہ انتخابی مہم کی نئی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے پارٹی کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سکیورٹی خدشات کے باعث بڑے جلسے کرنے کے بجائے کارنر میٹنگس کرنے کی تجاویز دی گئی۔ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ سے شکوہ کیا کہ انتخابی مہم کیلئے یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جا رہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے بعد بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں جلسے منسوخ کر دیئے ہیں، پی پی پی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام ووٹ ڈال کر دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جلسہ نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں شہید سراج رئیسانی سمیت 120 سے زائد معصوم انسانوں کا قتل ناقابل تلافی سانحہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے سانحے کے بعد مالاکنڈ والوں کی جان خطرے میں نہیں ڈال سکتا، انتہا پسندوں کے مائنڈ سیٹ کو شکست دینا ضروری ہے، معصوم پاکستانیوں پر دہشت گردوں کے حالیہ حملے افسوس ناک ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سب اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا پڑے گا، اداروں کو مضبوط بنائے بغیر متنازع پارلیمان میں عوام کے مسائل کا حل مشکل ہوتا ہے، جبکہ انتخابات شفاف اور وقت پر ہی ہونا چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے کی نشاندہی کی تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ انہوں ںے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریگی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سانحہ مستونگ کے باوجود بلوچستان جاؤں گا لیکن جلسے کے بجائے کارنر میٹنگز کروں گا۔ انہوں نے شکایت کی کہ جنوبی پنجاب میں ہمیں روکنے کی کوشش کی گئی، حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، تاہم ان سب باتوں کے بعد بھی ہم انتخابات لڑ رہے ہیں۔ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات کا انعقاد سکیورٹی خدشات کی بناء پر انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے پر منسوخ کیا گیا تھا۔ پی پی پی کے چیئرمین انتخابی مہم کے سلسلے میں 2 روزہ دورے پر پشاور میں موجود ہیں اور اس سلسلے میں پیپلز پارٹی نے پشاور اور مالاکنڈ میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اب سکیورٹی خدشات کے سبب اب ان عوامی اجتماعات کو منسوخ کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں گذشتہ روز مستونگ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اظہار یکجہتی کے طور پر ایک دن کیلئے اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا۔ خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری ضلع مالاکنڈ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور انتخابی مہم کے سلسلے میں انہیں آج صبح پشاور سے مالاکنڈ کیلئے روانہ ہونا تھا، جہاں انہیں بٹخیلہ تک ریلی کی قیادت اور شام میں ظفر پارک میں عوامی جلسے سے خطاب کرنا تھا۔
خبر کا کوڈ : 737754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش