QR CodeQR Code

مستونگ، پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں يوم سوگ، قومی پرچم سرنگوں

15 Jul 2018 11:47

بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہداء کو خراج عقیدت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کیلئے قومی سطح پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے، سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضا بدستور سوگوار ہے اور سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل ہیں، جبکہ بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مستونگ، پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہداء کو خراج عقیدت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کیلئے قومی سطح پر یوم سوگ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔ سانحہ مستونگ کے بعد شہر کی فضا بدستور سوگوار ہے اور سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل ہیں، جبکہ بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ہیں۔ نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے گذشتہ روز بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہداء کو خراج عقیدت اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کیلئے قومی سطح پر یوم سوگ کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ 13 جولائی کو صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی کارنر مٹینگ میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 129 افراد شہید جبکہ 146 زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

بنوں میں جمعے کی صبح متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے جبکہ اکرم درانی محفوظ رہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 10 جولائی کو پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکہ ہوا تھا جس میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 22 افراد شہید ہو گئے تھے۔ واضح رہے کہ انتخابی سرگرمیوں کے دوران ایک ہفتے میں 4 دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں جن میں ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت 155 افراد جاں بحق اور 130 سے زائد زخمی ہوئے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے نوٹفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پشاور اور مستونگ میں دہشت گردی کے واقعات پر اتوار کو یوم سوگ منایا جائے گا اور قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 737872

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/737872/مستونگ-پشاور-اور-بنوں-دھماکوں-پر-ملک-بھر-میں-يوم-سوگ-قومی-پرچم-سرنگوں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org