0
Wednesday 18 Jul 2018 11:55

بلوچستان نیشنل پارٹی کا صوبے بھر میں انتخابی جلسے منسوخ کرنیکا اعلان

بلوچستان نیشنل پارٹی کا صوبے بھر میں انتخابی جلسے منسوخ کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے سانحہ مستونگ کے سوگ میں پارٹی کے تمام انتخابی جلسے منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مد میں بچ جانے والی رقم سانحہ مستونگ کے متاثرین کو دی جائے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں بی این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مستونگ بم دھماکے میں بےگناہ افراد کی جانوں کے ضیاع کے بعد بی این پی نے اپنے تمام انتخابی جلسے منسوخ کر دیئے ہیں۔ انتخابی جلسوں میں پر خرچ ہونے والی رقم اب سانحہ مستونگ کے متاثرین کی مدد پر خرچ کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان نے تاریخ کے ہولناک واقعہ کا سامنا کیا ہے۔ ایسے میں ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ ان متاثرین کو تنہا چھوڑیں، جو اس وقت بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں بی این پی کے زیراہتمام پنجگور، تربت، خاران اور نوشکی میں جلسوں کا شیڈول طے کیا گیا تھا۔ کوئٹہ میں بھی 19 جولائی کو جلسہ عام منعقد ہونے جا رہا تھا تاہم سانحہ مستونگ کے باعث ان تمام جلسوں کو متعلقہ اضلاع کے پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خضدار میں بھی جلسہ شیڈول ہے اور خضدار کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائیگا، مشکل حالات میں جمہوریت کا حصہ بننے والے بلوچستان کے عوام سوگ میں ہیں، ایک جانب جنازے اٹھ رہے ہوں اور لوگ زخموں کا کرب برداشت کر رہے ہوں تو دوسری ہم جانب جلسے جلوس نہیں کر سکتے سانحہ مستونگ بہت بڑا واقعہ ہے، جس نے بلوچستان کو لہو لہو کر دیا۔ اختر مینگل نے مزید کہا کہ اس واقعہ میں لوگوں کی شہادتیں اور معصوم و بے گناہ افراد کے زخمی ہونے کی مذمت زبانی کلامی ممکن نہیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی جلسوں کو منسوخ کرکے ان جلسوں پر خرچ ہونیوالی رقم سانحہ میں زخمی ہونیوالے افراد پر خرچ کی جائے گی، جنہیں ہسپتالوں میں اشیاء خورد و نوش، ادویات اور دیگر سہولتوں کے فقدان کا سامنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 738575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش