QR CodeQR Code

تبدیلی کا نعرہ لگانے والے امپائر کی انگلی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، شاہ اویس نورانی

19 Jul 2018 16:25

حیدرآباد میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہماری قیادت نے ایم ایم اے کے تمام ایسے امیدوار کھڑے کئے ہیں جو دیندار اور کرپشن سے پاک ہیں، ہمارے پاس اربوں کھربوں روپے نہیں ہیں جو کہ الیکشن پر خرچ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان شاہ محمد اویس نوارنی نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے امپائر کی انگلی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، پوری قوم کو فحاشی اور عریانی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے، ناچ گانے بجانے والے قوم کے مستقبل کا فیصلہ کیسے کرسکتے ہیں، عوام کلاشنکوف کو چھوڑ کر کتاب کو منتخب کریں، ایم ایم اے کے تمام امیدوار دیندار اور کرپشن سے پاک ہیں، 25 جولائی کو "کتاب" پر مہر لگا کر ایم ایم اے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ وہ حیدرآباد کے علاقے لیاقت کالونی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 227 اور سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 66 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کرامت علی راجپوت اور عبدالوحید قریشی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر حاجی معین شیخ، کرامت علی راجپوت، عبدالوحید قریشی، قاری کامران، عارف نورانی، غلام حسین آرائیں، فرہاد علی ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شاہ محمد اویس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20-20 کروڑ روپے دے کر آنے والا شخص کبھی بھی عوام کی خدمت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرے والے شاہ احمد نورانی نے 30 سال قبل ایم کیو ایم کو "را" کا ایجنٹ کہا تھا، آج پاکستان ہی نہیں بیرونی اسٹیبلشمنٹ بھی الطاف حسین کو "را" کا ایجنٹ کہہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض لوگوں نے عوام سے ان کے بنیادی حقوق بھی چھین لئے ہیں، مشرف کا دور بدترین دور تھا، موبائل نیٹ ورک کے نام پر ملک میں فحاشی پھیلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے کہا تھا کہ مولویوں کو ایک ساتھ نہیں ہونے دوں گا، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آنے والا ڈکٹیٹر آمرانہ سوچ رکھتا تھا اس کو قوم پر مسلط کیا گیا، متحدہ مجلس عمل نے 2002ء میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تو اسے منہ کی کھانی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ایم این اے اور ایم پی اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خدمت کرے، عوام کو چاہیئے کہ کلاشنکوف کو چھوڑ کر کتاب کو منتخب کرے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے امپائر کی انگلی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں، پوری قوم کو فحاشی اور عریانی کی طرف دھکیل دیا گیا ہے، ناچ گانے بجانے والے قوم کا مستقبل کا فیصلہ کیسے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو پورے پاکستان میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کے نامزد امیدوار کامیاب ہوکر ملک کی سیاست کا رخ تبدیل کردیں گے، 30 سالوں جن لوگوں کو اس قوم نے موقع دیا انہوں نے قوم کی تعلیم، صحت اور بنیادی مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی، حیدرآباد میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکیم سعید کا قاتل گورنر سندھ 14 سال صوبے پر مسلط رہا، حیدرآباد والوں سے لاشوں کی ہولی کھیلی جاتی رہی، آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت نے ایم ایم اے کے تمام ایسے امیدوار کھڑے کئے ہیں جو دیندار اور کرپشن سے پاک ہیں، ہمارے پاس اربوں کھربوں روپے نہیں ہیں جو کہ الیکشن پر خرچ کریں، اب عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کو منتخب کریں جنہوں نے کبھی جھوٹ کی سیاست نہیں کی، 25 جولائی کو "کتاب" پر مہر لگا کر ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 738875

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738875/تبدیلی-کا-نعرہ-لگانے-والے-امپائر-کی-انگلی-کے-اشاروں-پر-ناچ-رہے-ہیں-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org