0
Thursday 19 Jul 2018 19:11

کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے تمام سیاسی قائدین کی جان کو خطرہ ہے، نیکٹا

کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے تمام سیاسی قائدین کی جان کو خطرہ ہے، نیکٹا
اسلام ٹائمز۔ قومی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی صورتحال کے بارے میں نیکٹا کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے سربراہ ڈاکٹر سلیمان نے بتایا کہ ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو خطرہ ہے اور اب تک 65 تھریٹ الرٹ آئے ہیں، کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سب سے زیادہ تھریٹ الرٹ ہیں، کالعدم جماعت الاحرار اور داعش سے بھی خطرات سامنے آئے ہیں جبکہ میرے پاس ایم کیو ایم لندن کی طرف سے ایک تھریٹ الرٹ ریکارڈ پر ہے۔ ڈاکٹر سلیمان نے مزید بتایا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لئے زیادہ تھریٹ موصول ہوئے ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کومبنگ آپریشنز لانچ کرنے چاہئیں جبکہ اضلاع اور تھانوں کی سطح پر کو آرڈینیشن کمیٹیاں قائم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نیکٹا انٹیلی جنس اداروں کی رپورٹس کو صوبوں سے شیئر کرتا ہے، جن سیاسی قائدین کی زندگیوں کو خطرہ ہے ان کی فہرست کمیٹی کو دی جائے گی۔ نیکٹا سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن عمل کے خلاف کچھ عسکریت پسند گروپ متحرک رہتے ہیں، یہ گروپ مخصوص پارٹیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ دوسری جانب آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس کو 68 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران کا نام بھی شامل ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ پولیس کو 68 تھریٹ الرٹ موصول ہوئے ہیں، یہ تمام خدشات مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کے حوالے سے ہیں، نیکٹا نے بڑے سیاسی رہنماؤں کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے اور ان میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے نام شامل ہیں۔

 
خبر کا کوڈ : 738916
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش