QR CodeQR Code

عوام سوچ بدلیں، فرسودہ نظام تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے، ملک عامر ڈوگر

19 Jul 2018 19:30

ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ 25جولائی کو عوام بلے پر مہر لگا کر ملک میں ناانصافی اقربا پروری، فرسودہ نظام اور بیروزگاری کیخلاف واضح فیصلہ دیں گے اور اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و امیدوار حلقہ این اے 155ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ 20 جولائی کو قلعہ کہنہ قاسم باغ پر عمران خان کے استقبال کیلئے انسانوں کا ایک سمندر نظر آئے گا۔ تحریک انصاف کا یہ تاریخی جلسہ سابقہ سارے ریکارڈ توڑ دے گا، اہلیان ملتان کی جلسہ میں شرکت ایک بار پھر مہر ثبت کر دے گی کہ ملتان تحریک انصاف کا گڑھ تھا اور آج بھی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک انصاف کے انقلابی پروگرام نے عوام کی سوچوں کو بدل کر رکھ دیا ہے، آج ملتان سمیت ملک بھر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، عوام فرسودہ نظام اور اس نظام کے پروردہ موروثی سیاستدانوں کے مک مکا اور باریاں لینے سے عاجز آچکے ہیں، عمران خان نے انہیں شعوری طور پر بیدار کر دیا ہے، 25جولائی کو عوام بلے پر مہر لگا کر ملک میں ناانصافی، اقربا پروری، فرسودہ نظام اور بیروزگاری کے خلاف واضح فیصلہ دیں گے، اپنی آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔ ملک عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پچھلے پانچ سالوں میں ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے، جب کہ ان کا وزیر خزانہ اسحاق ڈار جو دن میں چار بار معیشت کے استحکام کے دعوے کرتے نہیں تھکتا تھا وہ آج خود کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر ملک سے فرار ہوچکا ہے، تحریک انصاف اقتدار میں آکر ان قومی لٹیروں سے لوٹی گئی دولت واپس لانے سمیت انہیں کیفرکردار تک پہنچائے گی، 25جولائی کو تحریک انصاف کو ووٹ دیکر پاکستان کو سیاسی معاشی استحکام اور بائیس کروڑ عوام بالخصوص نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 738925

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/738925/عوام-سوچ-بدلیں-فرسودہ-نظام-تبدیل-کرنے-کا-وقت-آگیا-ہے-ملک-عامر-ڈوگر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org