0
Friday 20 Jul 2018 21:40

پی آئی بی اور بہادرآباد والوں کی چھینا جھپٹی میں پتنگ پھٹ چکی ہے، عامر لیاقت حسین

پی آئی بی اور بہادرآباد والوں کی چھینا جھپٹی میں پتنگ پھٹ چکی ہے، عامر لیاقت حسین
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے حلقے NA-245 سے امیدوار ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں کراچی بالخصوص لائنز ایریا والوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم اور زیادتی ہوئی، جن سے امیدیں باندھیں اور ووٹ دیا انہوں نے 30 برسوں تک یہاں کی عوام کو بے وقوف بنایا، پی آئی بی اور بہادرآباد والوں کی چھینا جھپٹی میں پتنگ پھٹ چکی ہے، پتنگ نہ بہادرآباد اور نہ ہی پی آئی بی کی ہے بلکہ پتنگ صرف الطاف حسین کی ہے، مچھلی والوں نے مہاجروں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، تیر برسانے والوں نے خوب تیر برسائے، ہم اس ملک کے لئے تیر کھاتے رہیں گے، منتخب ہوکر لائنز ایریا کے بنیادی مسائل سمیت سب سے اہم مسئلہ لائنز ایریا کو لیز دلوا کر ہی دم لوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA-245 لائنز ایریا میں کارنر میٹنگ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 105 سے امیدوار محمد علی عزیز (جی جی)، علاقہ معززین اور عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عامر لیاقت حسین نے کہا کہ مہاجر جس جماعت میں بھی جاتا ہے مہاجر رہتا ہے، ہم اپنی قومیت سے دستبردار نہیں ہوتے، ہم اپنی ذات اور اجداد کی قربانیوں سے دست بردار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جٹ لائن نے اپنا نام تبدیل کرکے پی ٹی آئی کی لائن رکھ لیا ہے، پی ٹی آئی کی لائن کا مطلب ہے کہ مہاجر ابھی زندہ ہیں، ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادوں میں سے ہیں، ہم نے پاکستان بنانا ہے، کوئی مائی کا لال ہمیں پاکستان سے باہر نہیں نکال سکتا، یہ ملک ہمارا ہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 30 سالوں سے اس علاقے سے منتخب ہونے والی جماعت نے یہاں کے عوام کو بے وقوف بنائے رکھا، ان کا کوئی بھی مسئلہ حل نہیں کیا، عوام نے جن سے امیدیں باندھ کر رکھیں انہوں نے ہی ہماری امیدوں کا خون کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی بی اور بہادرآباد والوں کی چھینا جھپٹی میں پتنگ اب پھٹ چکی ہے، پتنگ نہ پی آئی بی کی ہے اور نہ ہی بہادرآباد والوں کی، پتنگ صرف الطاف حسین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ پتنگ ہماری ہے، وہ آپ کو بے وقوف بنا رہے ہیں، جھوٹ بولتے ہیں، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ امید کا دیا جلائے رکھا، اگر دیا جلے گا تو پتنگ تو جل جائے گی۔

عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ میں اسی علاقے کا رہائشی ہوں، میری والدہ محمودہ سلطانہ اور والد شیخ لیاقت حسین کی بہت خدمات ہیں، میری والدہ نے خداداد کالونی سے الیکشن جیت کر خداداد کالونی کو لیز دلوائی تھی، اب میں آپ کے حق کے لئے کھڑا ہوں، میں لائنز ایریا کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ منتخب ہوکر پورے لائنزایریا کو لیز دلواؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ ایک مبارک نام حسین جڑا ہوا ہے اور میں حسین کی طرح ڈٹا رہوں گا، چاہے میری گردن ہی کیوں نہ کٹ جائے میں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انہوں نے پی ایس پی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈولفن والوں، حلقے میں سوچ سمجھ کر آنا، نلکے میں اگر پانی نہیں تو اس حلقے میں نہیں آنا، مچھلی والے کیا سمجھتے ہیں کہ وہ مچھیروں کی اولادیں ہیں، ان لوگوں نے مہاجروں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، یہ مہاجروں کے غدار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 739088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش