0
Sunday 22 Jul 2018 16:00

کوئٹہ، بڑیچ قومی اتحاد کا جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرنیکا اعلان

کوئٹہ، بڑیچ قومی اتحاد کا جے یو آئی (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) اگرچہ ماضی میں مختلف حکومتوں میں شامل رہی ہے، تاہم اسے کبھی وزارت اعلٰی نہیں ملی۔ انتخابات کے بعد حکومت بنانے کا موقع ملا تو عوام کے مسائل حل اور اپنے منشور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں بڑیچ قومی اتحاد کے سربراہ سردار سرور بڑیچ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ بڑیچ قومی اتحاد کے سربراہ سردار سرور بڑیچ نے اتحاد کی جانب سے حلقہ پی بی 31 پر ایم ایم اے کے امیدوار حکیم محمد عیسٰی اور پی بی 32 پر مولانا عبدالغفور حیدری اور حلقہ این اے 266 پر حافظ حسین احمد کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بڑیچ قومی اتحاد کی 12 رکنی کمیٹی نے مشاورت کے بعد ایم ایم اے کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے بڑیچ قومی اتحاد کے سربراہ سردار سرور بڑیچ اور آزاد امیدوار مفتی عبدالرحمن شاہوانی کی جانب سے حمایت پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے حق میں ابتک بہت سے امیدوار دستبردار ہوچکے ہیں۔

ہر جماعت کا اپنا منشور ہے، جسے پیش کرتے ہوئے وہ اس پر عملدرآمد کا دعویٰ بھی کر رہی ہیں۔ یہ تمام سیاسی جماعتیں ماضی میں نہ صرف حکومتوں میں آچکی ہیں، بلکہ وزیراعلٰی، گورنر اور وزارتیں لیتی رہی ہیں۔ جمعیت علما ء اسلام کو حکومت بنانے کا موقع ملا تو ہماری پہلی ترجیح ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوگا۔ ملک طویل عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، اقتدارمیں آکر امن وامان کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔ ملک خصوصاً صوبے میں طویل عرصے سے دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، جس میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔ سی پیک کی کامیابی اور ترقی وخوشحالی کیلئے امن کا قیام ضروری ہے۔ امن نہ ہو تو ترقی نہیں ہوتی۔ امن کے بغیر انصاف بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ صوبے میں قاضی کے نظام کو مضبوط کرکے عوام کو فوری انصاف فراہم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 739461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش