QR CodeQR Code

امریکہ کو پاکستان سے نکالے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا، علامہ عبدالخالق اسدی

23 May 2011 22:44

اسلام ٹائمز:ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی جارحیت اور حکمرانوں کی غلامانہ روش سے نجات پانے کے لیے قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی اور اسکے ساتھ ملک کے نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے میدان میں آئیں، تاکہ دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام بنائی جا سکیں


لاہور:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی ناکام اور ملک دشمن پالیسوں کی وجہ سے ملک کو بارود کا ڈھیر بنا دیا ہے ، ملک کو بچانے کے لئے قوم کو باہمی اتحاد کو مظاہرہ کرنا ہو گا، ورنہ تاریخ کبھی معاف نہیں کر ے گی، وقت آچکا ہے کہ موجودہ نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کر کے ملک کو کسی بہت بڑی تباہی سے بچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اظہر عباس کرڑ کے ہمراہ ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا مزید کہنا تھا ہم نے پاکستان بنایا تھا اب اس کو بچانے کی جنگ لڑنی ہے، کیونکہ ملک کی تقدیر اور مستقبل عوام کے ہاتھوں میں ہے اور اگر ہم اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرینگے تو یہ ناانصافی ہو گی، ہمارے حکمران بےبسی سے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کا تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب کسی دھوکے میں آنے والی نہیں، سب جان چکے ہیں کہ حکمران ڈاکو اور لٹیرے ہیں جو قومی سرمایہ لوٹ کر اور آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر قرضہ لے کر اپنے بیرون ملک اکاﺅنٹس میں جمع کروا رہے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستان کے لوگ بنیادی ضرورتوں کی عدم دستیابی سے تنگ آ کر خود کشیوں پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی جارحیت اور حکمرانوں کی غلامانہ روش سے نجات پانے کے لیے قوم کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی اور اسکے ساتھ ملک کے نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لئے میدان میں آئیں، تاکہ دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام بنائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو کبھی پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ کے گماشتے طالبان ملکی سلامتی کے درپے ہو چکے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے ملاقات کرنے والے رہنماﺅں کو ہدایت کی کہ وہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے نوجوانوں کو تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان سے نکالے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ امریکہ ہی پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ لگاتا ہے تو کبھی عوام میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف جذبات بھڑکانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ ان فورسز کی قیادت بزدل لوگوں کے ہاتھ میں دے دی گئی ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی اداﺅں پر غور کریں۔


خبر کا کوڈ: 73980

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/73980/امریکہ-کو-پاکستان-سے-نکالے-بغیر-امن-قائم-نہیں-ہو-سکتا-علامہ-عبدالخالق-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org