QR CodeQR Code

خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آن پہنچا، نواز شریف

23 Jul 2018 23:47

اڈیالہ جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کی رہنماء مریم نواز کے اکاؤنٹ سے نواز شریف کا آڈیو پیغام جاری کیا گیا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ 25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ہے اور میں جیل اور اس قید میں بھی آپ کا جوش و خروش اور آپ کا ولولہ دیکھ رہا ہوں، ہر طرف ووٹ کو عزت دو، کے نعرے بھی سن رہا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (نواز) کے قائد نواز شریف نے اڈیالہ جیل سے جاری اپنے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آ گیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں قید مسلم لیگ (ن) کی رہنماء مریم نواز کے اکاؤنٹ سے نواز شریف کا آڈیو پیغام جاری کیا گیا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ 25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ہے اور میں جیل اور اس قید میں بھی آپ کا جوش و خروش اور آپ کا ولولہ دیکھ رہا ہوں، ہر طرف ووٹ کو عزت دو، کے نعرے بھی سن رہا ہوں جبکہ میں آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا لمحہ آ گیا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے آزاد وطن کے غلام بنا دیے جانے والے لوگوں، اب بدل ڈالو یہ سب کچھ، میں اور مریم نواز آج اس لیے جیل میں ہیں کیوں کہ ہم نے آپ کی عزت کے لیے یہ تحریک اٹھائی، اب وقت آ گیا ہے، آپ اس تحریک کو کامیاب بنائیں، ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو ان تمام فیصلوں کو بہا کر لے جائے جنہوں نے پاکستان کو انصاف کا قبرستان بنا دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے کہا کہ اپنی عزت اور ووٹ کی حرمت کے لیے 25 جولائی کو نماز فجر کے بعد گھروں سے نکلو اور ملک کی تقدیر بدل ڈالو، یہ ایک سنہری موقع ہے جو اللہ کی طرف سے آپ کو مل رہا ہے اور اس موقع سے ہر قیمت پر پاکستان کی تقدیر آپ لوگوں کو بدلنی ہے۔


خبر کا کوڈ: 739832

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/739832/خرابیوں-کی-ذمہ-دار-دیوار-کو-ا-خری-دھکا-دینے-کا-وقت-ا-ن-پہنچا-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org