0
Tuesday 24 Jul 2018 20:47
علی بیگم جیتیں یا ہاریں تاریخ بہرحال وہ رقم کرچکی ہیں

پاراچنار، الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ خواتین کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر سہولیات فراہم کرے، علی بیگم

پاراچنار، الیکشن کمیشن کو چاہیئے کہ خواتین کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر سہولیات فراہم کرے، علی بیگم
اسلام ٹائمز۔ این اے 46 قبائلی ضلع کرم سے خاتون امیدوار علی بیگم پاراچنار کے گھر گھر پر دستک دے رہی ہیں اور وہاں کی خواتین کو اپنی طرف مائل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔ قبائلی علاقوں میں اس نوعیت کی انتخابی مہم کوئی معمولی بات نہین تاہم علی بیگم کے بقول انہیں اس سلسلے میں زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا اور لوگ ان کا اپنے گھروں میں یوں آنا معیوب نہیں سمجھ رہے کیونکہ وہ خود بھی ایک خاتون ہی ہیں۔ خیال رہے کہ قبائلی علاقوں کی 12 قومی نشستوں پر انتخابات کیلئے ڈھائی سو سے زائد امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں علی بیگم واحد خاتون امیدوار ہیں جو انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہی ہیں کہ کسی بھی جماعت نے قبائلی علاقوں میں کسی ایک خاتون کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دستیاب معلومات کے مطابق قبائلی علاقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 25 لاکھ ہے جن میں سے خواتین ووٹرز کی تعداد آٹھ لاکھ ہے اور یہی وجہ ہے کہ خواتین ووٹرز انتخابات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
 
علی بیگم مطمئن ہیں کہ اب کی بار قبائلی خواتین ووٹ کیلئے ضرور باہر نکلیں گی اس لئے کہ نہ صرف خواتین بلکہ مرد امیدوار بھی ان کے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔ علی بیگم کہتی ہیں کہ ان کی کامیابی کا سارا دارومدار خواتین ووٹرز پر ہے اور انہیں کامل یقین ہے کہ حلقے کی نصف سے زائد رجسٹرڈ خواتین ووٹرز ان کی خاطر 25 جولائی کو پولنگ سٹیشنوں کا رخ کریں گی۔ علی بیگم کا اس حوالے سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امیدوار اپنی طرف سے خواتین کو راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم کمیشن کو بھی چاہیئے کہ انہیں پولنگ اسٹیشنوں کے اندر سہولیات فراہم کرے تاکہ خواتین پولنگ کے عمل سے دلبرداشتہ نہ ہوں اور آئندہ انتخابات میں بصد رغبت و رضا حصہ لینے کیلئے کمربستہ ہوں۔
 
خبر کا کوڈ : 740026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش