0
Thursday 26 Jul 2018 19:20

عوام نے تبدیلی کے عمل کو سپورٹ کیا، میاں محمودالرشید

عوام نے تبدیلی کے عمل کو سپورٹ کیا، میاں محمودالرشید
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے الیکشن میں کامیابی کے بعد لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا اور تبدیلی کے عمل کو سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی پارٹی نے دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے، اب شہباز شریف رونا دھونا بند کر دیں، ان کے پاس دھاندلی کے ٹھوس شواہد ہیں تو سامنے لائیں ہم خود الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے کہ ان شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں، دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو شکست اس لئے ہوئی کہ ان کی پرفارمنس ہی فرضی اور صرف اشتہاروں میں تھی، عوام اب بیوقوف نہیں، ان کا ڈی جی خان میں خطاب عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش تھی کہ ہمارے پاس حکومت ہوتی تو یہ کر دیتے اور وہ کر دیتے، شہباز شریف بنائیں وہ گزشتہ 10 سال سے پنجاب کے سیاہ و سفید کے مالک ہیں، انہوں نے عوام کیلئے کیا کیا، سڑکیں بنانے سے نہیں عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولتیں دینے سے ملک ترقی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور باقی سیاسی جماعتیں شور و غوغا کی بجائے نتائج کو تسلیم کریں، 10 سال حکومت شہباز شریف کی ہی رہی ہے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا، اب عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب پنجاب میں بھی حکومت بنائیں گے، ایسی حکومت بنائیں گے کہ لوگ تحریک انصاف کو یاد کریں، مثالی حکومت ہو گی، سو دن کے اندر بنیادی پلان دیں گے جس سے ملک ترقی کے سفر پر جائے گا، ملک کی معیشت بدترین صورتحال سے دوچار ہے، حکمرانوں نے جاتے جاتے ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ ایک سوال کہ پنجاب کا وزیراعلیٰ کون ہوگا، کے جواب میں میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنا پارٹی کا استحقاق ہے، وہ جسے منتخب کرئے گی وہی ہوگا اور اس کے انتخاب پر کسی کو کوئی اعتراض بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں نے رابطہ کیا ہے اور ہم بھی رابطے کر رہے ہیں، نمبر گیم ہوری ہو جائے گی تو حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، شہباز شریف کوئی معجزہ کر دیں گے، ایسا سوچا بھی نہیں جا سکتا کیونکہ پنجاب کو دوبارہ ان کے تجربے کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے پر پہلے دن سے ہمارے تحفظات رہے ہیں، اورنج ٹرین منصوبہ سفید ہاتھی ہے، بجا طور پر کسی منصوبے کو نہیں روکیں، اورنج ٹرین سمیت اگر کچھ منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے ہونگے تو انہیں پہنچایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب کو آزادانہ طور پر کام کرنے کیلئے کہا جائے گا، اداروں کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنی پرفارمنس بغیر کسی دباؤ کے پیش کر سکیں، پنجاب میں پولیس کا نظام بدلیں گے کیوں کہ معاشرے کے 80 فیصد جرائم کی وجہ یہی پولیس ہے، پولیس کا سسٹم ٹھیک ہو گیا تو صوبے میں جرائم کی شرح بھی کم ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 740374
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش