QR CodeQR Code

زرداری پارٹی نے دھاندلی کے حوالے سے 2013ء کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، امیر بخش بھٹو

27 Jul 2018 20:07

ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نتائج کے مطابق 37 ہزار سے زائد ووٹ لئے ہیں جبکہ میرے مدمقابل فریال تالپور نے 53 ہزار سے زائد ووٹ لئے ہیں جو صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ممکن نہیں، اتنے ووٹ تو قومی اسمبلی کے حلقوں پر جیتنے والے امیدوار بھی نہیں لیتے یہ بدترین دھاندلی کا نتیجہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پی ایس 10 لاڑکانہ ایک پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار امیر بخش خان بھٹو نے کہا ہے کہ زرداری پارٹی نے دھاندلی کے حوالے سے 2013ء کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ میں نے اپنے حلقہ پی ایس 10 سے ٹیلی ویژن پر جاری کئے گئے نتائج کے مطابق 37 ہزار سے زائد ووٹ لئے ہیں جبکہ میرے مدمقابل فریال تالپور نے 53 ہزار سے زائد ووٹ لئے ہیں جو صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ممکن نہیں، اتنے ووٹ تو قومی اسمبلی کے حلقوں پر جیتنے والے امیدوار بھی نہیں لیتے یہ بدترین دھاندلی کا نتیجہ ہے، پولنگ کے دن اکثر پولنگوں پر زرداری پارٹی کے کیمپ خالے پڑے تھے جبکہ پی ٹی آئی کی کیمپوں پر ووٹروں کا بڑا رش تھا تو پھر فریال تالپور کو 53 ہزار ووٹ کس طرح ملے؟ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر کئی پولنگ اسٹیشنوں سے میرے پولنگ ایجنٹوں کو تشدد کا نشانہ بناکر باہر نکال دیا گیا اور اُلٹی سیدھی گنتی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 50 سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کے پرزائیڈنگ افسران نے یا تو فارم 45 اپنے دستخط، سرکاری مہر اور انگوٹھے کے نشان وغیرہ کے بغیر جاری کردیا یا پھر سادہ کاغذ پر نتائج دیئے، اس کے علاوہ ابھی تک مجھے 15 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج نہیں ملے اور اس کے علاوہ کئی پولنگ اسٹیشنوں سے سنگین بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کے اطلاعات ثبوتوں کے ساتھ ملی ہیں، میں اپنے وکلاء سے صلاح مشورے کے بعد جلد ہی اپنا ردعمل ظاہر کروں گا اور زرداری پارٹی کو دوسری بار اس حلقہ کی عوام کا مینڈیٹ چوری کرنے نہیں دوں گا۔


خبر کا کوڈ: 740590

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/740590/زرداری-پارٹی-نے-دھاندلی-کے-حوالے-سے-2013ء-ریکارڈ-توڑ-دیئے-ہیں-امیر-بخش-بھٹو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org