0
Sunday 29 Jul 2018 10:46

پنجاب اسمبلی میں نومنتخب ارکان اسمبلی کے استقبال کیلئے تیاریاں شروع

پنجاب اسمبلی میں نومنتخب ارکان اسمبلی کے استقبال کیلئے تیاریاں شروع
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں نومنتخب ارکان اسمبلی کے استقبال کیلئے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، نئی عمارت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ارکان اسمبلی کی حلف برداری پرانی عمارت میں ہوگی اور عمارت کی صفائی ستھرائی، ایوان میں رنگ و روغن، کرسیوں کی مرمت جاری ہے۔ صوبائی اسمبلی کا اجلاس 10 اگست کو ہونے کا امکان ہے ۔ پنجاب اسمبلی کےذرائع نے بتایا کہ الیکشن کے بعد 21یوم میں اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا ضروری ہے جو 14 اگست کو مکمل ہو رہے ہیں لہذا قوی امکان ہے کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس 10 اگست کو ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد تمام امیدوار 10 دنوں کے اندر انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرائیں گے۔ اسمبلی اجلاس طلب کرنے کیلئے محکمہ قانون کی جانب سے گورنر کو سمری بھیجی جائے گی جس کے بعد اجلاس کی تاریخ کا اعلان ہو گا۔ نومنتخب ارکان کو پہلے اجلاس کے دوران 5 کتابوں پر مشتمل ایک بیگ بھی دیا جائے گا جس کی پرنٹنگ مکمل ہو گئی ہے جن میں انگریزی اور اردو زبانوں میں پاکستان کے آئین کی کاپیاں، قواعد و ضوابط پنجاب اسمبلی 1997، ارکان اسمبلی کے استحقاقات اور ممبران کی رہنمائی پر مشتمل ہینڈ بک شامل ہے۔ پنجاب اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ بارشوں کے دوران نقصان کی وجہ سے ایوان میں رنگ و روغن کیا جا رہا ہے جبکہ کرسیوں کی مرمت اور پالش ہو رہی ہے، اسمبلی عمارت کے باہر فٹ پاتھوں کی تعمیر اور نیا ڈرینج سسٹم بھی تیزی کیساتھ مکمل ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت جس کی تعمیر 2005 میں شروع ہوئی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی اور چوتھی اسمبلی بھی پرانی عمارت ہی میں حلف اٹھائے گی۔
خبر کا کوڈ : 740890
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش