0
Monday 30 Jul 2018 09:34

امریکا دھمکیوں سے باز رہے، طیب اردگان

امریکا دھمکیوں سے باز رہے، طیب اردگان
اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن حکومت کی جانب سے پابندیوں کی دھمکی انقرہ حکومت کے فیصلے تبدیل نہیں کرا سکتی۔ ایردوان نے واضح الفاظ میں کہا کہ ترکی میں قید امریکی پادری کو کسی صورت رہا نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر ترکی نے زیرحراست امریکی پادری کو رہا نہ کیا، تو ترکی کے خلاف پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ اتوار کے روز اردگان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، آپ پابندیوں کی دھمکی دے کر ترکی کے فیصلے تبدیل نہیں کر سکتے۔ ٹرمپ کی جانب سے پابندیوں کی دھمکی پر اردگان کا یہ پہلا ردعمل تھا۔

ٹرمپ نے جمعرات کے روز کہا تھا کہ اگر ترکی میں قید امریکی پادری انڈریو براؤنسن کو رہا نہ کیا گیا، تو واشنگٹن حکومت ترکی پر پابندیاں عائد کر دے گی۔ ترک اخبار حریت میں شائع ہونے والے بیان میں اردگان نے کہا، امریکا کو بھولنا نہیں چاہیئے کہ اگر اس نے ترکی کی بابت اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا، تو وہ ایک مضبوط اور مخلص اتحادی سے محروم ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ براؤنسن ترک شہر ازمیر میں ایک پروٹیسٹنٹ چرچ سے وابستہ تھے اور انہیں قریب دو برس قبل ناکام فوجی بغاوت سے تعلق کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ چند روز قبل ایک عدالت نے انہیں جیل سے گھر میں نظربند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ تاہم اس معاملے پر امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات خاصے کشیدہ ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو واضح الفاظ میں دھمکی دی تھی کہ امریکی پادری کو فوری طور پر رہا کیا جائے، دوسری صورت میں ترکی کے خلاف وسیع تر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 741154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش