0
Tuesday 31 Jul 2018 10:49

کوئٹہ، بی این پی (عوامی) کا بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان

کوئٹہ، بی این پی (عوامی) کا بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے صوبے میں حکومت سازی کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے ارکان اسمبلی کی مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ مستحکم اور متوازن حکومت بنانے کیلئے بی این پی (مینگل) اور تحریک انصاف کیساتھ بھی بات چیت جاری ہے۔ بی این پی (عوامی) کے مرکزی نائب صدر سید احسان شاہ نے کوئٹہ کے سرینا ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہماری جماعت نے انتخابات کے بعد بیٹھ کر فیصلہ کیا کہ ہم بلوچستان عوامی پارٹی کو حکومت بنانے میں بھرپور تعاون کریں گے۔ جام کمال قائد ایوان کی حیثیت سے سامنے آئے ہیں، بی این پی عوامی ان کی حمایت کرتی ہے۔ ہم کوشش کرینگے کہ بلوچستان کے عوام کو ایک مضبوط، مؤثر اور ایک ایسی حکومت بنائے جس پر عوام کو اعتماد ہوں۔ بہت سارے حلقوں پر امیدواروں کی انفرادی شکایات کے باوجود انتخابات کافی حد تک اطمینان بخش تھے۔

بی اے پی کے سربراہ جام کمال خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بی این پی (عوامی) گہرا سیاسی اثر رکھتی ہے۔ ماضی کی حکومتوں میں ان کا ایک مضبوط کردار رہا ہے۔ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی قوت میں کمی اور اضافہ ہوتا ہے۔ نیشنل پارٹی ایک بہت بڑی جماعت تھی، جس میں حکومت سازی میں ڈھائی سال کا پہلا مرحلہ گزارا، مگر ان انتخابات میں ان کی نمائندگی نظر نہیں آتی۔ ہم پارلیمان میں نمائندگی کے بغیر بھی کسی جماعت کو کمزور نہیں کہہ سکتے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی کوشش ہے کہ بلوچستان کے ہر طبقے کو ساتھ لیکر چلیں اور سیاسی عمل کو آگے بڑھائیں۔ ہم نے ایک دوسرے کے خلاف انتخاب بھی لڑا مگر حکومت سازی کے مرحلے پر ہم ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بی این پی نے غیر مشروط طور پر ہماری حمایت کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ آگے چل کر بلوچستان کے سیاسی اور حکومتی حوالے سے فیصلوں میں ہمیں ہر تعاون دینگے۔
خبر کا کوڈ : 741396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش