0
Wednesday 1 Aug 2018 16:14

منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین کیخلاف برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل

منی لانڈرنگ کیس، الطاف حسین کیخلاف برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل
اسلام ٹائمز۔ منی لانڈرنگ کیس میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے مقدمے میں ہونے والی ایک اہم پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منی لانڈرنگ کیس میں بانی ایم کیو ایم کے گرد گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے برطانوی قانونی فرم کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، برطانوی قانونی فرم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس سلسلے میں تفتیش کنندگان نے پاکستان کا دورہ بھی کیا ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ماضی میں برطانوی قانونی فرم کی خدمات نہ ہونے کے سبب الطاف حسین بچ نکلتے رہے، تاہم اب ملزم کے خلاف دیگر ممالک سے بھی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، اب تک 69 بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آچکی ہے، جن کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ ایم کیو ایم کے ذیلی ادارے خدمتِ خلق فاؤنڈیشن کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، متحدہ کے ارکان قومی اسمبلی، سینیٹرز اور ڈپٹی میئر کے ذریعے رقم منتقل ہوتی رہی، منی لانڈرنگ کیس میں پیشرفت سے عدالت کو جلد آگاہ کر دیا جائے گا، الطاف حسین ملک دشمن سرگرمیوں اور کراچی میں قتل و غارت میں بھی ملوث ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں نیب، رینجرز اور دیگر اداروں سے بھی معلومات طلب کی گئی ہیں، وزارتِ خارجہ کے ذریعے دوسرے ممالک سے معلومات منگوائی ہیں، برطانوی حکومت اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے بھی بینک ٹرانزیکشن کا ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 741710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش