0
Wednesday 1 Aug 2018 20:13

سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کا اہم اجلاس منعقد

سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کا اہم اجلاس منعقد
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کی مجلس شورٰی کا ایک ہنگامی اجلاس زیرِ صدارت حریت کانفرنس کے جنرل سکریٹری غلام نبی سمجھی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاست جموں کشمیر کے مسلم اکثریتی کردار کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبوں پر روک لگانے کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شدّت کے ساتھ محسوس کیا گیا کہ اس وقت ریاست جموں کشمیر اپنی تاریخ کے نازک ترین دوراہے پر کھڑی ہے، جہاں ہمیں کرو یا مرو کی صورتحال کا سامنا ہے۔ اجلاس میں بھارت کے اسرائیلی منصوبوں کو خاک میں ملانے کے لئے اپنی غیور قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سیاسی، جغرافیائی، معاشی اور تہذیبی بقاء کے لئے ایک فیصلہ کُن عوامی تحریک برپا کرنے کے لئے ہر سطح پر تیار رہیں۔ اجلاس میں مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے مشتہر کئے گئے پروگرام کی مکمل تائید و توثیق کرنے کے علاوہ جملہ ٹریڈ یونینوں، وکلاء، طلباء، دانشوروں، ٹرانسپورٹ انجمنوں اور ملازم یونیٹوں کی طرف سے بھارت کی تہذیبی یلغار کے خلاف اپنا تعاون پیش کرنے کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک مرحلے پر ہر طبقہ فکر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ملّی ذمہ داری کو پوری طرح سے نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے۔

حریت کانفرنس (گ) کے اجلاس میں حریت پسند عوام سے اپنی تاریخ کے اس نازک ترین مرحلے پر ان سبھی بھارت نواز سیاسی جماعتوں کی ریشہ دوانیوں سے خبردار رہنے کی مودبانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے مسلم اکثریتی کردار کو آج تک ان ہی سیاسی گماشتوں کے ہاتھوں لاتلافی نقصان پہنچ چکا ہے جو عوامی صفوں کے اندر ان ریشہ دوانیوں کے خلاف شدید غم و غصے کی لہر کو بھانپتے ہوئے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ حریت کانفرنس نے اقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے ریاست جموں کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبوں پر روک لگانے کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرلینا چاہیے۔ حریت کانفرنس نے اقوامِ متحدہ سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی قابض افواج کی طرف سے نہتے عوام کی طرف سے چلائی جارہی حق خودارادیت کی تحریک کو بزور طاقت دبانے کے نتیجے میں اجتماعی نسل کُشی کی ظالمانہ کارروائیوں کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد دے۔
خبر کا کوڈ : 741770
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش