0
Wednesday 1 Aug 2018 20:19

آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام، نیب نے امیر مقام کو تیسری بار طلب کر لیا

آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام، نیب نے امیر مقام کو تیسری بار طلب کر لیا
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر امیر مقام کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں طلب کر لیا۔ خیبر پختونخوا نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر کو کل (2 اگست کو) پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق ادارہ امیر مقام کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں پہلے بھی 2 مرتبہ طلب کر چکا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، تاہم اب انہیں تیسری مرتبہ طلب کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ راوں ماہ اپریل میں نیب نے خیبر پختونخوا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر امیر مقام کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیب کے مرکزی دفتر میں ہونے والے اجلاس کے دوران 4 افراد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے اور ترقیاتی فنڈز میں خورد برد پر انکوائری کا فیصلہ کیا گیا، ان افراد میں امیر مقام، مولانا امیر زمان، عبدالمالک کاکڑ اور پشاور ڈسٹرکٹ ناظم عاصم خان کے نام شامل تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نیب کو درخواست دی گئی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ امیر مقام گذشتہ 15 برس سے بڑی کرپشن میں ملوث رہے ہیں، لہٰذا ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا دعویٰ تھا کہ امیر مقام گذشتہ 10 برس سے سوات بشام روڈ کی تعمیر کی مد میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے ضلع میں ترقیاتی کام کرانے کے بجائے ملک بھر کے شہروں میں اپنے لئے محلات تعمیر کرائے ہیں۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے علاوہ سابق وزیرِاعلٰی شہباز شریف، سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے خلاف بھی کرپشن کیسز پر تحقیقات جاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 741774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش