0
Wednesday 1 Aug 2018 20:39

عمران خان کی دلچسپی کا مرکز پنجاب، کراچی میں نئی بحث چھڑ گئی

عمران خان کی دلچسپی کا مرکز پنجاب، کراچی میں نئی بحث چھڑ گئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم کراچی سے ہوگا کا نعرہ لگا کر شہر قائد کے باسیوں میں امید کی شمع جلائی تھی، لیکن روشنیوں کے شہر سے جیتنے والی نشست چھوڑے جانے کی اطلاعات سے امیدوں کی شمعیں مدھم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ شہر کے سیاسی و سماجی حلقوں میں یہ بحث اس وقت عروج پر ہے کہ کیا کراچی ایک مرتبہ پھر اندھیروں میں ڈوب جائے گا اور یا واقعی شہر حقیقی تبدیلی کے ثمرات سے بہرہ مند ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان 12 مئی کو جب کراچی آئے تو انہوں نے ملیر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ انتخاب میں کراچی سے حصہ لیں گے، اس اعلان کا بھرپور خیرمقدم ہوا، تین جولائی 2018ء کو ملیر میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام میں وزیراعظم عمران خان کے نعرے بھی لگ گئے۔ نعروں کا منطقی نتیجہ نکلا کہ 25 جولائی 2018ء کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں سربراہ پاکستان تحریک انصاف کے مدمقابل ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی رضا عابدی کو این اے 243 پر شکست ہوئی، اور پی ٹی آئی کو بھرپور پذیرائی ملی۔ کراچی کے سیاسی حلقوں میں عام انتخابات کے بعد سے ملین ڈالر کا یہ سوال پوری شدت سے زیرِ بحث ہے کہ کیا قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان پنجاب ہی کی طرح کراچی میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔

اس بحث کے پس منظر میں دراصل اہلیان کراچی یہ جاننے کی شعوری یا لاشعوری کوشش کر رہے ہیں کہ کیا اس دفعہ شہر قائد کی قسمت جاگے گی اور یا یہ کہ اب بھی خواب خرگوش کے مزے لیتی رہے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے اپنے قابل اعتماد ساتھی اور سینئر رہنما جہانگیر ترین کو کراچی بھیج کر علی الاعلان یہ پیغام دیا ہے کہ وہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ساتھ مل کر شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کا دعویٰ ہے کہ بہت جلد عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے، جس میں عوام کا تعاون پر شکریہ ادا کرنے کے علاوہ روشنیوں کے شہر کیلئے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے متعلق گزشتہ روز یہ خبر منظرعام پر آئی تھی کہ وہ تاحال یہ فیصلہ نہیں کرسکے ہیں کہ کراچی یا میانوالی سے جیتی جانے والی کس نشست سے دستبرداری اختیار کریں گے، لیکن اب خبریں عام ہو رہی ہیں کہ عمران خان جیتی گئیں پانچ نشستوں میں میانوالی کی نشست رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 741789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش