QR CodeQR Code

وزارت اعلٰی پر پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، میر عبدالقدوس بزنجو

2 Aug 2018 10:33

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ وزارت اعلٰی، اسپیکر شپ اور وزارتوں کے حوالے سے پارٹی کی سینیئر قیادت جو بھی فیصلہ کریگی، ہمیں قبول ہوگا، ہم اس فیصلے کو من و عن تسلیم کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعلٰی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں وزارت اعلٰی سمیت دیگر معاملات میں کوئی اختلاف نہیں۔ جو بھی فیصلہ پارٹی کی سینیئر قیادت مل بیٹھ کر کرے گی، ہم سب کو قبول ہوگا۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سابق وزیراعلٰی میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ بعض عناصر یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ شاید بلوچستان عوامی پارٹی میں وزارت اعلٰی کیلئے اختلاف ہیں، لیکن اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کے بہتر مفاد میں بنائی گئی ہے۔ صوبے کے عوام نے حالیہ انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کو جو مینڈیٹ دیا ہے، ہم اس پر ان کے شکرگزار ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور حکومت سازی کے حوالے سے صوبے اور یہاں کے عوام کے مفاد کو مدنظر رکھ کر بلوچستان میں بیٹھ کر فیصلہ کرے گی۔ وزارت اعلٰی، اسپیکر شپ اور وزارتوں کے حوالے سے پارٹی کی سینیئر قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہمیں قبول ہوگا۔ ہم اس فیصلے کو من و عن تسلیم کریں گے۔ میں ایک ادنٰی ورکر کی حیثیت سے بھی کام کرنے کو تیار ہوں۔ اقتدار و کرسی کی خواہش نہیں۔ عہدے آنے جانے والی شے ہے، ہمارے لئے یہ اہمیت نہیں رکھتے۔ عوام کی خدمت اور صوبے کے بہتر مفاد کیلئے ہم کام کرینگے۔

 


خبر کا کوڈ: 741911

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/741911/وزارت-اعل-ی-پر-پارٹی-میں-کوئی-اختلاف-نہیں-میر-عبدالقدوس-بزنجو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org