0
Thursday 2 Aug 2018 14:55

شمالی کوریا نے 65 سال بعد امریکی فوجیوں کی لاشیں واپس کردیں

شمالی کوریا نے 65 سال بعد امریکی فوجیوں کی لاشیں واپس کردیں
اسلام ٹائمز۔ شمالی کوریا نے جنگ کوریا میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی باقیات 65 سال بعد امریکی حکومت کے حوالے کر دی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ کوریا کے 56 سال بعد شمالی کوریا سے امریکی فوجیوں کی باقیات تابوتوں میں بند کرکے امریکا منتقل کی گئی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی فوجیوں کی باقیات واپس کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ ہلاک فوجیوں کے تابوتوں کو اقوام متحدہ کے جھنڈے میں لپیٹا گیا ہے۔ یہ باقیات امریکا روانہ کرنے سے قبل جنوبی کوریا کے شہر اوسان میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں امریکا، اقوام متحدہ اور جنوبی کوریا کے 500 اراکین نے شرکت کی۔ کوریائی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کی باقیات 55 تابوتوں میں امریکی ریاست ہوائی پہنچیں، جہاں نائب امریکی صدر مائک پینس نے انہیں وصول کیا۔ اس موقع پر تقریب بھی منعقد ہوئی۔ 1950ء سے 1953ء تک شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔  اس جنگ میں شمالی کوری کو چین اور سوویت یونین جبکہ جنوبی کو امریکا کی حمایت حاصل تھی۔ پہلے کوریا ایک ہی ملک تھا، جس پر 1910ء سے 1945ء تک جاپان نے حکومت کی۔ دوسری جنگ عظیم میں جاپان کی شکست کے بعد 1948ء میں اسے دو حصوں شمال اور جنوب میں تقسیم کیا گیا۔ شمالی کوریا سوویت یونین کے حصے میں اور جنوبی کوریا امریکا کو ملا۔ اس کے نتیجے میں شمالی کوریا پر کمیونسٹ نظریات کا غلبہ رہا۔ ان دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان چپقلش شروع ہوئی جس کا نتیجہ جنگ کی صورت میں نکلا جس میں 12 لاکھ افراد ہلاک ہوئے، جن میں 35 ہزار سے زیادہ امریکی فوجی بھی شامل تھے۔ اس جنگ کے نتیجے میں کوریا کی دونوں ریاستیں مکمل طور پر تباہ و برباد ہوگئیں۔
خبر کا کوڈ : 741997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش