0
Thursday 2 Aug 2018 19:49

اپوزیشن کا وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق

اپوزیشن کا وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلیے متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان وزیراعظم اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا متفقہ امیدوار لانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔  حالیہ نتائج کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی دوسری آل پارٹیز کانفرنس اسپیکر ایاز صادق کے گھر پر منتعقد ہوئی، جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، اے این پی سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا مشترکہ امیدوار لانے کے لیے جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں مسلم لیگ (ن) سے مشاہد حسین سید، سعد رفیق، احسن اقبال، پیپلز پارٹی سے شیری رحمان، قمر زمان کائرہ کو شامل کیا گیا، جبکہ دیگر رہنماؤں میں میاں افتخار حسین، غلام احمد بلور، مولانا عبدالغفور حیدری، اویس نورانی، لیاقت بلوچ، بیرسٹر مسرور، عثمان کاکڑ اور رضا محمد رضا،  لک ایوب، انیسہ زیب طاہر خیلی، سینیٹر میر کبیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ بعد ازاں جوائںٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے مشترکہ امیدوار پر اتفاق کیا گیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو نہیں مانتے اسے مسترد کرتے ہیں، قومی اسمبلی میں اسپیکر کا الیکشن ساتھ لڑیں گے، جس کا امیدوار پیپلز پارٹی کا ہو گا، وزیراعظم کا امیدوار مسلم لیگ نواز سے ہوگا اور ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار ایم ایم اے سے ہو گا۔ شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد جعلی الیکشن اور سلیکشن کو مسترد کرتا ہے ہم ایک مضبوط جمہوری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، تمام جماعتوں کی شناخت اور تشخص کو برقرار رکھیں گے اور مشترکہ فیصلہ کیا ہے کہ الیکشن کے خلاف احتجاج ایوان کے اندر اور باہر ہوگا جب کہ آر ٹی ایس سسٹم خراب نہیں ہوا بلکہ نادرا نے اعتراف کیا ہے کہ غلطی نہیں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 742043
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش