QR CodeQR Code

جعلی مینڈیٹ کی عمر لمبی نہیں ہوا کرتی ہے، قاری محمد عثمان

2 Aug 2018 20:59

کراچی میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے رہنما جے یو آئی نے کہا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف کل نماز جمعہ کے بعد کراچی پریس کلب کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جماعتی کارکنان اور اہل کراچی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوکر جعلی مینڈیٹ کو مسترد کردیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کی عمر لمبی نہیں ہوا کرتی ہے، پی ایس 114 کے عوام کے درینہ مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کی کریں گے، اہل کراچی کے اس سوال کا جواب کون دے گا کہ حالیہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو خود اپنی کامیابی پر تعجب ہورہا ہے۔ وہ ہارون آباد اور پاک کالونی کے دورے کے دوران عوام اور علماء کرام کے نمائندہ اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سید اکبر شاہ ہاشمی، مولانا تسلیم، مولانا سلطان نذیر، مولانا عبدالقادر بلوچ، مفتی ابراہیم، مولانا حبیب اللہ قادری، مولانا معروف شاہ، قاری روح اللہ، مولانا محمد عیسیٰ، حاجی مبارک جان، مولانا جمیل احمد، مولانا گل رفیق، مولانا ضیاء الدین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو جس ہوشیاری سے چھینا گیا پاکستان کی تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے الیکشن میں کھڑے ہوتے ہیں، نتائج کی تبدیلی ہمیں خدمت سے نہیں روک سکتی، بلکہ اب نئے جذبے سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

قاری محمد عثمان نے واٹر بورڈ کی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر شیر شاہ، میٹروول، پاک کالونی، ہارون آباد، سائٹ میں پینے کے پانی کی سپلائی کو یقینی نہ بنایا گیا تو پھر حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری واٹر بورڈ انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح پی ایس 114 میں گھر گھر پانی کی سپلائی کو یقینی بنانا ہے چاہے اس کے لئے بڑی سے بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف کل نماز جمعہ کے بعد کراچی پریس کلب کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جماعتی کارکنان اور اہل کراچی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوکر جعلی مینڈیٹ کو مسترد کردیں۔


خبر کا کوڈ: 742057

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/742057/جعلی-مینڈیٹ-کی-عمر-لمبی-نہیں-ہوا-کرتی-ہے-قاری-محمد-عثمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org