QR CodeQR Code

امریکہ نے پاکستان کی فوجی امداد میں 75 فیصد کمی کردی

3 Aug 2018 09:49

امریکی سینیٹ کے بل میں پاکستان کیلئے فوجی امداد کی مد میں 15 کروڑ ڈالر مختص کئے گئے ہیں، جو اطلاعات کیمطابق پاکستان کو اپنی سرحدوں کی سکیورٹی بہتر بنانیکی مد میں دیئے جائیں گے۔ یہ رقم ماضی میں امریکہ کیجانب سے پاکستان کو سکیورٹی اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دی جانے والی امداد سے کہیں کم ہے جو 75 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک ہوا کرتی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ نے 716 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی پالیسی بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس میں پاکستان کے لئے امداد میں کٹوتی کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سینیٹ نے اجلاس میں نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ نامی یہ بِل 10 کے مقابلے میں 87 ووٹوں سے منظور کیا۔ ہر سال منظور کئے جانے والے اس بِل کے ذریعے کانگریس امریکی حکومت کے دفاعی اخراجات کے ساتھ ساتھ دفاع سے متعلق کئی اہم پالیسی امور کی بھی منظوری دیتی ہے۔ ایوانِ نمائندگان نے پہلے ہی یہ بِل گذشتہ ہفتے کثرتِ رائے سے منظور کیا تھام جسے اب وائٹ ہاؤس بھیجا جائے گا، جہاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کے بعد قانون بن جائے گا۔ بِل میں امریکی فوج کے لئے 77 نئے ایف 35 لڑاکا طیارے خریدنے کے لئے ساڑھے سات ارب ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ طیارے امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن تیار کرے گی۔ بِل میں پاکستان کے لئے فوجی امداد کی مد میں 15 کروڑ ڈالر مختص کئے گئے ہیں، جو اطلاعات کے مطابق پاکستان کو اپنی سرحدوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کی مد میں دیئے جائیں گے۔ یہ رقم ماضی میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کو سکیورٹی اور کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دی جانے والی امداد سے کہیں کم ہے جو 75 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک ہوا کرتی تھی۔

گذشتہ سال امریکہ نے اپنے دفاعی بجٹ میں پاکستان کے لئے ’’کولیشن سپورٹ فنڈ‘‘ کی مد میں 70 کروڑ ڈالر مختص کئے تھے، لیکن حالیہ بِل میں امریکی امداد کو پاکستان کی جانب سے افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک اور لشکرِ طیبہ کے خلاف کارروائی سے مشروط کرنے کی شق ختم کر دی گئی ہے، جو چند سال قبل متعارف کرائی گئی تھی۔ منظور کئے جانے والے بِل میں کوئی ایسی شق بھی شامل نہیں کہ امریکہ پاکستان کو یہ امداد انسدادِ دہشت گردی کے لئے کی جانے والی اس کی کارروائیوں کے معاوضے کے طور پر ادا کرے گا۔ بعض ماہرین کا کہنا تھا کہ امداد کی فراہمی کے لئے ماضی میں عائد کی جانے والی ان شرائط کے خاتمے سے امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) اپنی اس صلاحیت سے محروم ہوگیا ہے، جس کے ذریعے وہ پاکستان پر حقانی نیٹ ورک اور اپنی سرزمین میں سرگرم دیگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے دباؤ ڈال سکتا تھا۔ واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال کے آغاز پر افغانستان میں شدت پسندی کے خاتمے میں مدد نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان کی تمام دفاعی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد سے پینٹاگون کی جانب سے پاکستان کو ہر سال کولیشن سپورٹ فنڈ کی مدد میں دی جانے والی کروڑوں ڈالرز کی امداد معطل ہے۔


خبر کا کوڈ: 742134

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/742134/امریکہ-نے-پاکستان-کی-فوجی-امداد-میں-75-فیصد-کمی-کردی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org