0
Friday 3 Aug 2018 19:22

تحریک انصاف کو کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے، فردوس شمیم نقوی

تحریک انصاف کو کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے لئے تحریک انصاف کو کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن کر اُبھری ہے، لوگوں کی پی ٹی آئی سے محبت دیکھ کر جلنے والے بھی بے شمار پیدا ہوں گے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاؤس کراچی سے جاری کردہ اپنے مشترکہ بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی سمیت ہر سیاسی پارٹی کے لئے قومی و صوبائی اسمبلی میں ایک ایک سیٹ انتہائی اہم ہے، اپوزیشن جماعتیں مل کر بھی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، اقتدار کے لئے خود مخالفین کس کس کے در پر حاضری نہیں دیتے، آزاد امیدواروں کو ساتھ ملانا حکومت کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، اگر ہم مضبوط حکومت چاہتے ہیں تو اپوزیشن کو اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔

فردوس نقوی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام حکومتی کاموں پر نکتہ چینی نہیں بلکہ مثبت تنقید ہوتا ہے، ہر ہارنے والی سیاسی جماعت کو الیکشن پر تحفظات ہیں، جہاں کوئی سیاسی جماعت ناکام ہوتی ہے اس کی پالیسیاں ہی اسے ناکام کرتی ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی جیت پر پی ٹی آئی والوں کو اتنا خوش نہیں ہونا چاہیئے جتنا مخالفین کو اپنی ہار پر رونا چاہیئے، کچھ نہ کرکے حکومت کرنے والوں کو ملنے والی تنخواہ بھیک سے بدتر ہوتی ہے، پاکستان تحریک انصاف ثابت کرے گی کہ ہم ملک کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 742193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش