QR CodeQR Code

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کے 887 اہلکار قربان ہو چکے ہیں، محسن حسن بٹ

5 Aug 2018 11:56

یوم شہدائے پولیس ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان کا کہنا تھا کہ پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں اور ہمارا عزم مزید پختہ ہوا ہے کہ ہم دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر امن کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانیں ہتھلی پر رکھ کر دہشتگردوں کا صفایا کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ نے کہا ہے کہ 2006ء سے لے کر اب تک 887 پولیس کے افسران اور جوانوں نے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانیں قربان کرکے شہادت کا رتبہ پایا ہے۔ پولیس کے بہادر شہید ہونیوالے افسران اور اہلکاروں پر ہمیں فخر ہے، جنہوں نے فرائض منصبی کی ادائیگی کو یقینی بنا کر بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ شہداء ہمارے ماتھے کا جھو مر ہیں شہید کبھی بھی مرتا ہے۔ پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کی جدید ترتیب فراہم کرکے اسلحہ ایمونیشن اور ساز وسامان سے لیس کیا گیا ہے۔ ایگل اسکواڈ کا قیام شہر میں اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنا مقصود تھا۔ شہداء کے اہل خانہ کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، تاکہ شہداء کے بچوں کی ویلفیئر کے پروگرام کو تواتر کیساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "یوم شہدائے پولیس" ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں شہید ہونیوالے پولیس، ایف سی، لیویز اور پاک فوج کے جوانوں کے لئے شہداء ڈے منایا گیا۔ ہمارے شہداء کی صفوں میں ڈی آئی جی فیاض سنبل، حامد شکیل صابر، ساجد مہمند، مبارک شاہ، نصیر خان، احمد خان، محمد ایوب شاہ، مبشرعباس، محمد طاہر سعید جیسے نڈر جوان شامل رہے ہیں۔ پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں اور ہمارا عزم مزید پختہ ہوا ہے کہ ہم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانیں ہتھلی پر رکھ کر دہشت گردوں کا صفایا کر رہے ہیں۔ بلوچستان پولیس کے کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کی اپ گریڈیشن پولیس کے شہداء پیکج میں اضافے اور شہداء ریکروٹمنٹ کی نئی پالیسی کے حوالے سے تمام پیکجز کا نوٹیفکیشن وزیراعلٰی بلوچستان جاری کریں، تاکہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 742560

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/742560/دہشتگردی-کیخلاف-جنگ-میں-بلوچستان-پولیس-کے-887-اہلکار-قربان-ہو-چکے-ہیں-محسن-حسن-بٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org