QR CodeQR Code

الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا، سینیٹر سراج الحق

7 Aug 2018 10:48

کوئٹہ میں شوریٰ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر کا کہنا تھا کہ 8 اگست اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرز دھاندلی کیخلاف احتجاج کریں گے۔ مقتدر قوتیں بلوچستان کو اپنی خواہشات کی تجربہ گاہ نہ بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر وسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بلوچستان میں اپنی تنظیم کی استحکام پر توجہ دیگی۔ الیکشن کمیشن ایک شفاف الیکشن کرانے میں ناکام ہوا ہے۔ فرسودہ نظام سے نجات ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوام کی حقیقی آواز کو دبا دیا۔ بلوچستان میں غربت کی ذمہ دار ظالم نظام ہے۔ الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو مطمئن نہ کرسکی، کنٹرول ڈیموکریسی قوم قبول نہیں کریگی۔ جماعت اسلامی نظریاتی جماعت ہے۔ 2018ء کے انتخابات بدترین دھاندلی کی مثال ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری بلوچستان کیلئے بڑا منصوبہ ہے۔ 8 اگست اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفاتر کے سامنے اپوزیشن جماعتوں کے ٹکٹ ہولڈرز دھاندلی کے خلاف احتجاج کریں گے۔مقتدر قوتیں بلوچستان کو اپنی خواہشات کی تجربہ گاہ نہ بنائے۔ 11 اور 12 اگست کو منصورہ لاہور میں مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہوگا، جس میں انتخابی جائزے سمیت مستقبل کا لائحہ عمل بنائیں گے۔ حالیہ انتخابات میں دینی قوتوں نے ملک بھر سے 55 لاکھ ووٹ حاصل کئے ہیں۔ نظام انتخاب کا اصلاح نہ ہوا تو لوگوں کا اعتماد پولنگ بکس پر ختم ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے دو روزہ شوریٰ اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر سمیت صوبہ بھر سے اراکین شوریٰ کیساتھ امرائے اضلاع اور برادر تنظیمات کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ الیکشن کی رپورٹ کا جائزہ وتجزیہ پیش کرنے کیساتھ تنظیمی کاموں کا جائزہ، ایم ایم اے کی دوبارہ بحالی، الیکشن میں مسائل اور آئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔ ارکان وکارکنان کی تربیت ومہارتوں میں اضافے کا بھی منصوبہ بنایا گیا۔ لیاقت بلوچ نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن، کرپشن کا خاتمہ اور صوبے کے وسائل صوبے میں خرچ کرنے میں ہے۔ جماعت اسلامی سمیت دینی جماعتوں کے ارکان وکارکنان نے الیکشن میں بھرپور کام کیا اور پہلے سے زیادہ ووٹ لئے۔ خلائی مخلوق کو کنٹرول ڈیموکریسی چاہیئے۔ ہم کرپشن کیخلاف اور اسلامی وخوشحال بلوچستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بہتر انتظامات کرنے کے باوجود نتائج کے وقت آپریشن "ردوبدل" نے سب پر پانی پھیر دیا۔


خبر کا کوڈ: 742945

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/742945/الیکشن-کمیشن-شفاف-انتخابات-کرانے-میں-ناکام-رہا-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org