0
Tuesday 7 Aug 2018 12:58

عمران خان نے آج پشاور میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا

عمران خان نے آج پشاور میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آج صوبہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلٰی کے نام کا اعلان متوقع ہے۔ باخبر حلقوں کا دعویٰ ہے کہ اس ضمن میں پی ٹی آئی سربراہ سرپرائز دے سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک اعلٰی سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں تمام نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی سمیت اہم مرکزی قائدین بھی شریک ہوں گے۔ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی تشکیل کیلئے سابق وزیراعلٰی کے پی پرویز خٹک، سابق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر اور ڈاکٹر حیدر علی کو قومی اسمبلی کی نشستیں برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عملاً تینوں اہم شخصیات وزیراعلٰی کے پی بننے کی دوڑ سے ملنے والی ہدایت کے بعد خود بخود باہر ہوگئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق اس وقت عاطف خان کے علاوہ سوات سے تعلق رکھنے والے نو منتخب رکن اسمبلی محمود خان اور پشاور کے تیمور سلیم کے نام متوقع وزیراعلٰی کے پی کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ نئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے نام کا اعلان چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان خود کریں گے اور عین ممکن ہے کہ وہ اس ضمن میں سرپرائز دیدیں۔ دوسری جانب عمران خان کے ممکنہ دورہ پشاور کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ حیات آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درجنوں اہلکاروں کی تعیناتی کر دی گئی ہے، تاہم حساس اداروں نے عمران خان کے دورہ پشاور کی تاحال کلیرنس نہیں دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 742998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش