QR CodeQR Code

چیف سیکرٹری پنجاب کا یوم آزادی پر سکیورٹی فول بروف بنانے کا حکم

8 Aug 2018 09:37

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اکبر حسین درانی کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام محکمے بھرپور رابطے اور تعاون کے ذریعے مشترکہ پروگرامز ترتیب دیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ یوم آزادی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ لاہور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام محکمے بھرپور رابطے اور تعاون کے ذریعے مشترکہ پروگرامز ترتیب دیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاً اقلیتوں، خصوصی افراد اورخواجہ سراؤں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں، جیلوں، یتیم خانوں اور اولڈ ایج ہومز میں بھی یوم آزادی منانے کیلئے مخیر حضرات کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) نسیم نواز نے اجلاس کو بتایا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تمام اضلاع کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اجلاس کو مختلف محکموں کے سربراہان کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں منعقد ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 743182

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/743182/چیف-سیکرٹری-پنجاب-کا-یوم-ا-زادی-پر-سکیورٹی-فول-بروف-بنانے-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org