0
Wednesday 8 Aug 2018 19:47

ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی میں انتظامیہ کی کالی بھیڑیں بھی سہولتکار ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس

ڈی آئی خان ٹارگٹ کلنگ، دہشتگردی میں انتظامیہ کی کالی بھیڑیں بھی سہولتکار ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان دہشتگردوں کی جنت بنا ہوا ہے، سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن کے باوجود ہر دوسرے دن ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سوالیہ نشان ہیں، کالعدم جماعتوں کو قومی دھارے میں لانے والے مجرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈی آئی خان میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن پر آئی جی خیبر پختونخوا کی پیش کردہ رپورٹ سے واضع ہوچکا ہے کہ ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشت گردی میں خود پولیس اور انتظامیہ کی کالی بھیڑیں بھی سہولت کار ہیں، ایسی صورت حال میں امن کیسے قائم ہوسکتا ہے، جب امن قائم کرنے کے ذمہ دار ادارے پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں، کچھ لوگ اب بھی دہشت گردوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے لابنگ اور پلان جاری کر رہے ہیں، ان کی یہ کوششیں اسی ہزار پاکستانی شہداء کے لہو سے غداری کے مترادف ہے، ہم ان کے اس اقدام کی بھرپور مخالفت اور مذمت کرتے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان ڈی آئی خان میں جاری مسلسل ٹارگٹ کلنگ کے سوموٹو کیس میں فریق ہے، اس وقت ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ کلنگ کے باعث کئی علاقوں سے لوگ نقل مکانی کرچکے ہیں، مقامی انتظامیہ اور پولیس ہر ٹارگٹ کلنگ پر دلاسے تسلیاں دیتے ہیں، مگر دوسرے روز ہی پھر ٹارگٹ کلنگ کی واردات ہو جاتی ہے، ابھی تک کوئی ایک قاتل دہشتگرد پکڑا نہیں جا سکا ہے، پولیس انتظامیہ دہشگردوں کے سامنے بے بس اور تماشائی بنی ہوئی ہے، ہم سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کیس کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت کی جائے اور ان واقعات کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطحی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی جائے، تاکہ شہداء کے ورثاء کی دادرسی کی جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 743356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش